’  اپوزیشن لیڈر کیخلاف بیانات سے حکومت کی کرپشن چھپ نہیں سکتی‘

فوٹو: فائل


لاہور: مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت کے خلاف جھوٹے بیانات پر کارکنان مشتعل ہوئے تو ذمہ دار شیخ رشید ہوں گے۔

وزیرریلوے کے بیان کی مذمت کرتےہوئے ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کی سیاست کا جنازہ اس دن نکل گیا تھاجب انہوں نے ن لیگ سے غداری کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید اپنی سیاست کا مردہ ہر نئی جماعت کے کاندھے پر اٹھائے پھر رہے ہیں ان کے بیانات چینی اسکینڈل رپورٹ میں تاخیر سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

یہ بھی پڑھیں پنجاب میں سرکاری خرچ پر افطار پارٹیوں پر پابندی

ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کورونا سے مرتے عوام پر توجہ دیں اور نیب نیازی گٹھ جوڑ کی طرح شہبازشریف کے غم سے باہر نکلیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے خلاف بیانات سے حکومت کی کرپشن ، بے حسی چھپ نہیں سکتی ۔

یاد رہے آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا تھا کہ  شہباز شریف جو سوچ کر آئے تھے اس کا سیاسی جنازہ نکل گیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹرینیوں کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کر لی گئی تھیں اور لاک ڈاوَ ن کی وجہ سے ٹرینیں چلانے کا فیصلہ 10 مئی کو کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چمن میں ٹرین پہنچ چکی ہے اور میرا انتظار کر رہی ہے۔ لاک ڈاوَن کھلا تو 24 گھنٹوں کے اندر ٹرینیں چلا دیں گے۔تھر مل گیٹ ہم نے تمام ریلوے اسٹیشنز پر لگا  دیے تھے جو 50 فٹ کے فاصلے پر کام کریں گے۔

شہباز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف جو سوچ کے آئے تھے اس کا سیاسی جنازہ نکل گیا اور اب شہباز شریف کا کیس سنجیدہ ہے، ان کا بچنا مشکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور بھتیجی کی آپس میں نہیں بن رہی کیونکہ شہباز شریف کی بھتیجی کہتی ہیں کہ پارٹی صدر شاہد خاقان عباسی کو بنا دیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ آصف علی زرداری سمجھدارآدمی ہیں اور یقین جانیں آصف زرداری کے 40 فیصد معاملات ٹھیک ہو گئے ہیں اور وہ گھونسلے میں چلے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز پر بہت لوگ باتیں کر رہے ہیں۔ 6 ہزار ارب روپے کی کرپشن کا معاملہ ہے اور کرپشن کے معاملے پر وزیر اعظم خاموش نہیں رہیں گے۔


متعلقہ خبریں