عمران خان قوم کو حقائق بتانے پر یقین رکھتے ہیں، فردوس عاشق


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان چھپانے پر نہیں قوم کو حقائق بتانے پر یقین رکھتے ہیں۔

معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ سیاسی مخالفین پہلے کہتے تھے کہ تحقیقاتی رپورٹ نہیں آئے گی لیکن عمران خان تحقیقاتی رپورٹ سامنے لے آئے۔

انہوں نے کہا کہ اب انکوائری کمیشن پر اعتراض جاری ہے لیکن اس میں بھی مخالفین کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت نے ایسی تحقیقات کرائی ہے جس میں اپنے لوگوں پر سوال اٹھے ہیں۔ شہباز صاحب! کیا ایسی جرات پہلے کسی حکومت نے دکھائی ہے؟

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام شفاف اور منصفانہ طرزِ حکومت کی علامت ہے جبکہ سابقہ ادوار میں حقائق کو چھپانے اور اپنے لوگوں کو بچانے کی روش اختیار کی جاتی رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس: پاکستان میں 281 اموات، 13ہزار 328 متاثر

اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا حزب اختلاف پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حزب اختلاف وبا کے دنوں میں بھی سیاست سے باز نہیں آئی، ان کے رہنما قومی اتحاد و یکجہتی کو پارہ پارہ کر رہے ہیں۔

وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں کا رویہ روٹی کی بجائے کیک کھانے کا مشورہ دینے والی ملکہ جیسا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی ترجیح عوام کو کورونا سے بچانا ہے، باقی معاملات چلتے رہیں گے،خود کو احتساب کیلئے پیش نہ کرنے والے دوسروں کو انصاف کا لیکچردے رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں