22 لاکھ خاندانوں کو امداد فراہم کر رہے ہیں، اجمل وزیر


پشاور: خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے کہ 22 لاکھ خاندانوں کو رقم اور امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔

صوبائی مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے اموات 98 ہو گئی ہیں اور موجودہ صورت حال میں ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزمائش کا وقت ہے جلد نکل جائیں گے۔ کورونا گھروں میں خود نہیں آ رہا بلکہ آپ کی وجہ سے ہی آ رہا ہے۔

اجمل وزیر نے کہا کہ 22 لاکھ خاندانوں کو رقم اور امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ ریڑھی اور تندور بانوں کو 4 بجے کے بعد بھی کاروبار جاری رکھنے کی اجازت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں اللہ سے گڑ گڑا کر اپنے گناہوں کی معافی مانگنی چاہیے۔ لوگوں کو چاہیے کہ حکومت کے ایس او پیز پر عمل کریں تاکہ مہلک مرض سے چھٹکارا پا سکیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 281 ہو گئی، جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 13 ہزار 328 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 605 کیسز اور12 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے 5 ہزار446 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ 4,615، خیبرپختونخوا 1,864، بلوچستان 781، اسلام آباد 245، آزاد کشمیر 59 اورگلگت بلتستان میں 318 افراد میں وائرس کی تصدیق ہے۔ پاکستان میں اب تک 2 ہزار 936 مریض صحت یاب ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: ڈاکٹرز اور طبی عملہ کورونا کا شکار ہونے لگا

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سےسب سے زیادہ 98 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 81، پنجاب میں 83، بلوچستان 13، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 3،3 افراد جاں بحق ہوئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے 3,029 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثرہ 78 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک بھر میں اب تک کورونا کے 1 لاکھ 44 ہزار365 ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں جاری جزوی لاک ڈاون میں نرمی کردی گئی ہے اور برآمدی صنعت کو مکمل کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں