کورونا: پی ایم اے ملتان نے خطرے کی گھنٹی بجادی

کورونا: پی ایم اے ملتان نے خطرے کی گھنٹی بجادی

ملتان: پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان نے کورونا وائرس کے حوالے سے آئندہ ماہ کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے مؤثرنہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

ڈاکٹرز کو اضافی مراعات دیں گے، وزیراعلی سندھ کا اعلان

ہم نیوز کے مطابق پی ایم اے ملتان کے صدر مسعود ہراج نے دیگر عہدیداران کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کورونا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شعبہ صحت کے وسائل محدود ہیں اوروہ مریضوں کی بڑی تعداد کو علاج کی سہولت دینے کی استطاعت نہیں رکھتا ہے۔

پی ایم اے ملتان کے عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسعود ہراج نے کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے ڈاکٹروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور زیر علاج مریضوں کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

پی ایم اے ملتان کے عہدیداران نے حفاظتی کٹس کی عدم دستیابی پروزیر صحت سمیت متعلقہ حکام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامیہ نشتر اسپتال کو بند کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

پشاور: مرحوم ڈاکٹر جاوید کے جونیئر ڈاکٹر کا نتیجہ مثبت آگیا

انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بہتر ہے کہ ضلعی انتظامیہ اپنے معاملات بہتر بنائے اور نشتر اسپتال کے امور میں غیر ضروری دخل اندازی نہ کرے۔

اسپتال کی صورتحال بتاتے ہوئے پی ایم اے ملتان کے عہدیداران نے کہا کہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل ہونے والا اضافہ حکومت اورعوام کے لیے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے۔

ڈاکٹر مسعود ہراج کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں لاک ڈاؤن سخت نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کی تعداد میں تسلسل کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن کو بہت زیادہ مؤثر بنائیں۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے عوام الناس سے بھی اپیل کی کہ وہ حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہمارا شعبہ صحت مریضوں کی بہت بڑی تعداد کو علاج کی سہولتیں نہیں دے سکتا ہے۔

دنیا بھر میں کورونا سے ایک ارب افراد متاثر ہوسکتے ہیں، رپورٹ

پی ایم اے ملتان کے عہدیداران نے کہا کہ نشتر اسپتال میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی شدید کمی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگرفوری طور پر درکار عملہ بھرتی نہ کیا گیا تو آئی سولیشن وارڈ میں کام کرنا مشکل ہو جائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بیروں ملک سے آنے والے پاکستانیوں کی ٹیسٹنگ اور آئی سولیشن کے ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کر لیا تو وبا پر کسی حد تک قابو پا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جن کے پاس بہترین سہولتیں تھیں وہ ممالک بڑی مشکل سے حالات کا مقابلہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ائی سولیشں میں دو سے تین مریض ہوتے تھے لیکن اب 50 سے زائد ہیں۔

پی ایم اے ملتان کے عہدیداروں نے استفسار کیا کہ مریضوں کی تعداد اس سے بڑھ گئی تو ہم مریضوں کو لے کر کہاں جائیں گے؟ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ سخت اورموثر لاک ڈاؤن کو یقینی بنائے وگرنہ حالات قابو سے باہر ہو جائیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق پی ایم اے ملتان کے عہدیداران نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کو حفاظتی سامان کی فراہمی بلا تعطل یقینی بنائی جائے، فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹروں اور دیگر عملے کو لائف انشورنس کی سہولت دی جائے، وبا کے دوران اس سے متاثر ہو کر شہید ہونے والے ڈاکٹروں کے لیے شہداء پیکج کا اعلان کیا جائے اور ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس کی بھرتیوں میں تیزی لائی جائے۔

جاں بحق ہونے والے ہیلتھ ورکرز کو شہید کے برابر امدادی پیکج دیا جائے گا، ظفر مرزا

ہم نیوز کے مطابق پی ایم اے ملتان کے صدر مسعود ہراج نے دیگر عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے ایس او پیز تیار کیے جائیں کیونکہ ان کی وجہ سے ڈاکٹرون اور لوگوں کے متاثرہونے کے زیادہ خدشات ہیں۔


متعلقہ خبریں