کورونا وائرس کے خلاف پوری قوم متحد ہو کر جنگ لڑ رہی ہے،صدر مملکت

فائل فوٹو


کوئٹہ: صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف پوری قوم متحد ہو کر جنگ لڑ رہی ہے، صوبہ بلوچستان کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے۔

صدرمملکت عارف علوی کی زیر صدارت کوئٹہ میں اجلاس ہوا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تفتان،پاک افغان بارڈر پر اسکریننگ اور قرنطینہ کی سہولیات اطمینان بخش ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ منتخب نمائندے آگاہی کی ترویج کے لیے کلیدی کردار ادا کریں، نمائندگان اور علمائے کرام مشکل گھڑی میں حکومتی اقدامات کا ساتھ دیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: دو ڈاکٹروں میں کورونا وائرس کی تصدیق

انہوں نے کہا کہ  حکومت کورونا وائرس کے ساتھ غربت کے خلاف بھی لڑ رہی ہے، موجودہ صورت حال غیر معمولی ہے۔

صدر پاکستان نے کہا کہ تعلیمی سلسلے کو جاری رکھنے کیلئے ٹیلی ویژن اور ایف ایم ریڈیو سے تعلیمی حرج کو پورا کیا جاسکتا ہے، کورونا وائرس کی اس وبا میں ہم نے بہت سی مثبت باتیں بھی سیکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاوَن کے دوران غریب افراد کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے ،تجارتی مراکز بند ہونے کے اثرات محنت کش اور کاروباری طبقات پر پڑے ہیں۔

عارف علوی نے کہا کہ امید ہے بہت جلد کورونا وائرس کو شکست دے کر معمولات زندگی بحالی کی جانب گامزن ہوں گے۔

اس موقع پر  چئیرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے،ضروریات کے مطابق سامان فراہم کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی ڈیمانڈ کے مطابق مزید سامان بھی فراہم کریں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 335 ہو گئی، جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 15 ہزار 289 تک پہنچ گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 404 کیسز اور 8 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے اب تک سب سے زیادہ 5 ہزار827 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ 5 ہزار695، خیبرپختونخوا 2,160، بلوچستان 915، اسلام آباد 297، آزاد کشمیر 65 اورگلگت بلتستان میں 330 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 3 ہزار 425 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سےسب سے زیادہ 114 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 100، پنجاب میں 100، بلوچستان 14، اسلام آباد 04 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 3 افراد جاں بحق ہوئے۔

کورونا وائرس سے متاثرہ ملک بھر میں اب تک کورونا کے 1 لاکھ 57 ہزار 911 ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں