وسیم اکرم کا کرکٹرز کے ساتھ آن لائن سیشن، سنائی کریئر کے اتارچڑھاؤ کی کہانی

وسیم اکرم کا کرکٹرز کے ساتھ آن لائن سیشن، سنائی کریئر کے اتارچڑھاؤ کی کہانی

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کھلاڑیوں کے لیے منعقدہ آن لائن ویڈیو سیشن میں لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم نے فاسٹ باؤلرز کو ڈسپلن، خود اعتمادی اور بے خوف ہو کر میدان میں اترنے کا پیغام دیا اور اپنے کریئر کے اتار چڑھاؤ کی کہانی بھی سنائی۔

پی سی بی کی جانب سے موجودہ اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے آن لائن سیشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ سیشنز کے دوسرے روز ماضی کے عظیم فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے فاسٹ باؤلرز کو کریئر میں کامیابی حاصل کرنے گر سکھائے۔

اس موقع پر وسیم اکرم  نے کہا کہ ایک فاسٹ باؤلر کے لیے ڈسپلن اور خود اعتمادی سے بڑھ کر کچھ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ کریئر کے مشکل وقت میں خوف کو پس پشت ڈال کر آگے بڑھنا ہی کامیابی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وسیم اکرم نے وقار یونس کے ہمراہ اپنی یادگار تصویر شیئر کر دی

وسیم اکرم نے ماضی کی کہانیاں سناتے ہوئے فاسٹ باؤلرز کو بتایا کہ وہ کبھی بھی کسی خاص کارکردگی پر مطمئن نہیں ہوتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اچھے کھلاڑی کے لیے ہر دن نیا دن ہوتا ہے اور اسے ہر دن کے لیے ایک نئی حکمت عملی تیار کرنا ہوتی ہے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ طویل طرز کی کرکٹ ہی اصل کرکٹ ہے، عظیم کھلاڑی بننے کے لیے یہاں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ کرکٹ اعداد و شمار کا کھیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے کریئر کے دوران اپنے اہداف ترتیب دیا کرتے تھے اور سب سے بڑا ہدف یہی تھا کہ کیا کرکٹ چھوڑنے کے بعد انہیں یاد کیا جائے گا یا مبصرین انہیں آل ٹائم ٹیسٹ الیون میں شامل کریں۔

وسیم اکرم کا کرکٹرز کے ساتھ آن لائن سیشن، سنائی کریئر کے اتارچڑھاؤ کی کہانی

شاہین شاہ آفریدی کو ٹو ڈبلیوز کی کامیابی کی کہانی سناتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ فاسٹ باؤلرز میں مثبت رقابت ضروری ہے کیونکہ اس سے کھیل میں نکھار آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ وقار یونس کے رن اپ سے بہت متاثر تھے، ان کی اسپیڈ سے دنیائے کرکٹ کے بڑے بڑے بیٹسمین ڈرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وقار یونس اور انہوں نے بڑی بڑی ٹیموں  کے خلاف میچز کا پانسہ ایک دوسرے کی قابلیت پر اعتماد کرکے ہی پلٹا تھا۔

وہاب ریاض کے سوال کے جواب میں وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ وہ مشکل وقت میں خود کو چیلنج کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فاسٹ باؤلر کو میچ میں بدلتی صورتحال کے اعتبار سے حکمت عملی تبدیل کرنی چاہیے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ اچھا فاسٹ باؤلر وہی ہے جسے اپنی صلاحیتوں پر اعتبار کرتے ہوئے اپنی فیلڈنگ خود سیٹ کرنی آئے ۔

یہ بھی پڑھیں: شنیرا اکرم نے وسیم اکرم کی روٹی پکانے کی تصویر سوشل میڈیا پر کیوں شئیر کی؟

فہیم اشرف کے سوال کے جواب میں وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی پچز نرم ہوتی ہیں، بطور فاسٹ باؤلر وہ اور وقار یونس وہاں گیند آگے کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی پچز پر فاسٹ باؤلرز کو سوئنگ اور ویری ایشنز پر فوکس کرنا چاہیے، وہاں کریز کا بھی بھرپور استعمال کرکے وکٹیں حاصل کی جاسکتی ہیں۔

اس موقع پر وقار یونس نے وسیم اکرم کے ساتھ گزارے گئے لمحات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو واضح کیا کہ وسیم اکرم کی کامیابی کا راز ان کا ڈسپلن اور اپنے اہداف کی تیاری کے لیے سخت محنت کرنا تھی۔

منگل کے روز منعقدہ آن لائن سیشنز میں ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق اور شاہد اسلم بھی موجود تھے۔


متعلقہ خبریں