دل کے عارضے کی ادویات سے کورونا کے علاج پر کام شروع


امریکی ریاست نیویارک کے ڈاکٹروں نے کوروناوائرس کے علاج کیلئے معدے کی تیزابیت اور دل کے عارضے کی ادویات استعمال کرنے کے منصوبے پر کام شروع کردیا ہے۔

نیویارک کے نارتھ ویل اسپتال کے میڈیکل ریسرچ سینٹر میں دو سو رضاکاروں کو معدے کی تیزابیت اور دل کے عارضے میں استعمال ہونے والی عام دوائی کی ڈوز دی جا رہی ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اگر دوائی کی آزمائش کے مثبت نتائج سامنے آتے ہیں تو یہ اب تک کورونا کے حوالے سے سب سے بہتر، سستا اور جلد ہونے والا علاج ہوگا۔

خیال رہے کہ پوری دنیا کی لیبارٹریز اس وقت کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے میں مصروف ہیں۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ یونیورسٹی کی نئی ویکسین 6 بندروں پر آزمائی گئی تھی جس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔

یونیورسٹی کے ماہرین کے مطابق 4 ہفتوں بعد تمام بندر صحت مند تھے اور ان میں وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی بیماری کورونا کی کوئی علامت نہیں پائی گئی

کورونا وائرس کی نئی ویکسین کو محفوظ اور موثر ثابت کرنے کی کوشش میں 6 ہزار سے زائد افراد پر مشتمل ویکسین ٹرائل اگلے ماہ کے آخر تک شروع کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں