برطانوی ائر لائنز کے 12 ہزار ملازمین کے فارغ ہونے کا خطرہ

فوٹو: فائل


لندن: عالمی وبا کی وجہ سے برطانوی ائر لائنز کے 12 ہزار ملازمین کو نوکری سے فارغ کیے جانے کا خطرہ پیدا ہو گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملازمین کو فارغ کیے جانے کا فیصلہ کمپنی کی دوبارہ تعمیر نو کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی ائر لائنز گروپ کا کہنا ہے کہ ابھی مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے تاہم آنے والا وقت کمپنی کے ملازمین کو متاثر کر سکتا ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ مسافروں کی تعداد 2019 کی سطح پر واپس آنے میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس نے جہاں پوری دنیا کے افراد کی صحت کو متاثر کیا ہے وہیں امریکہ، برطانیہ سمیت کئی ممالک میں بے روزگاری میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہو گیا ہے۔

دنیا کی مضبوط ترین معیشت رکھنے والے ملک امریکہ میں بھی بے روزگاری اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے اور عوام لاک ڈاؤن کے باوجود حکومت کے خلاف مظاہرے کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

امریکہ میں کورونا نے شعبہ سیاحت سے وابستہ لوگوں سے بھی روز گار چھین لیا ہے اور اب تک اسی لاکھ امریکی بے روزگار ہو چکے ہیں۔

فوربز رپورٹ کے مطابق امریکہ کا شعبہ ہوا بازی کورونا وائرس کے سبب شدید متاثر ہوا ہے اور رواں ماہ کے آخر تک 314 ارب ڈالر کا نقصان متوقع ہے۔

امریکہ میں لاک ڈاون کے باعث بڑھتی ہوئی بے روزگاری سے شہریوں کی بے چینی میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ریاست واشگنٹن، مونٹانا، ایریزونا اور کولاراڈو میں شہریوں نے لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہرے بھی کیے۔

یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس، دنیا بھر میں 31 لاکھ 38 ہزار سے زائد افراد متاثر

مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ حکومت گھر پر رہنے کی پالیسی اور لاک ڈاؤن ختم کرے۔ امریکہ کی مختلف ریاستوں میں ہونے والے مظاہروں میں حکومتی پالیسیوں کے خلاف نعری بازی بھی کی گئی۔


متعلقہ خبریں