پنجاب میں ٹائیگرفورس نے کام شروع کر دیا



لاہور: عالمی وبا کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے تشکیل دی گئی ٹائیگرفورس نے پنجاب میں آج سے کام شروع کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فورس کا باضابطہ افتتاح کیا۔ ابتدائی طور پرسیالکوٹ میں نوجوانوں کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

نوجوانوں کو مساجد اور یوٹیلیٹی اسٹورز کے باہر تعینات کیا گیا ہے اور انہیں ضلعی انتظامیہ اور مقامی پولیس کا تعاون بھی حاصل ہے۔ مساجد اور یوٹیلیٹی اسٹورز میں سماجی فاصلے اور حکومتی گائیڈ لائنز کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹائیگرفورس کے متعلق عوام کا تعاون اور رد عمل قابل ستائش ہے۔ سیالکوٹ سے 20 ہزار سے زائد نوجوان ٹائیگر فورس کا حصہ بنے ہیں اور اس کے بعد مرحلہ وار ملک بھر کے نوجوانوں کو مکمل طور پر متحرک کر دیں گے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی تشکیل دی تھی جو مشکلات میں گھرے عوام الناس کی مدد کا فریضہ سر انجام دے گی۔

ٹائیگر فورس کی سربراہی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کو سونپی گئی ہے۔ ٹائیگر فورس میں ملک بھر سے 9 لاکھ 41 ہزار سے زائد رضاکاروں نے رجسٹریشن کروائی ہے۔


متعلقہ خبریں