ہم نے لوگوں کو بھوک اور بیماری سے بچاناہے،وزیراعظم کی بل گیٹس سے ٹیلی فونک گفتگو


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور مائیکروسوفٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں کورونا وبا کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عمران خان گیٹس فاؤنڈیشن کی امداد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وباء کے بحران میں امداد انتہائی اہم ہے۔ پاکستان کورونا وباء کا مقابلہ کرنے کیلئے ہر مربوط حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وباء کے باعث پاکستان کو دہرے چیلنج کا سامنا ہے، ایک طرف بیماری ہے اور لوگوں کو بھوک سے بھی بچانا ہے، حکومت پاکستان نے متاثرہ عوام کے لئے 8 ارب روپے کا پیکیج دیا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری کوششوں سے پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد ملی، عالمی سطح پر قرضوں میں ریلیف کی اپیل ترقی پذیر ممالک کی مشکلات کے پیش نظر کی۔

بل گیٹس کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس پوری دنیا کے لئے خطرہ ہے۔ پاکستان میں غریب آبادی کو بچانے کیلئے حکومت کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔

ٹیلی فونک رابطے میں پولیو کے خاتمے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مائیکروسوفٹ کے بانی کا کہنا تھا کہ پولیو کا اسٹاف کورونا کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

بل گیٹس نے کہا پولیو کی ٹیمیں کورونا کے خلاف ہیلتھ ورکرز کی تریبت کر رہی ہیں۔ کورونا وبا کے دوران پولیو ویکسینیشن کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ٹیلی فونک رابطے میں این آئی ایچ کی کارکردگی کو بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔


متعلقہ خبریں