بھارتی فوج کو ایل او سی کی خلاف ورزیوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، آرمی چیف

پاک فوج کے سربراہ جنرل باجوہ کی کرکٹ اسٹیڈیم آمد، میچ دیکھا

فائل فوٹو


اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کو لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کے دورے کے دوران جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج مادر وطن کی علاقائی سلامتی، عزت اور وقار کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی اشتعال انگیزیاں علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ پاک فوج ہر قیمت پر نہتے شہریوں کا دفاع کرے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اگلے مورچوں کے دورے کے دوران آرمی چیف کو لائن آف کنٹرول کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف کو پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔

مزید پڑھیں: بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے شہری شہید، خاتون زخمی

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو بھارتی فوج کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی جوابی کارروائیوں،تیاری اور جوانوں کے عزم وحوصلے کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے کورونا کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے آزاد کشمیر حکومت کی طرف سے کورونا کے خلاف جنگ میں ساتھ دینے کو سراہا اور کہا کہ پاک فوج وبا پر قابو پانے کیلئے قومی کوششوں میں بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے آرمی چیف کا لائن آف کنٹرول پر استقبال کیا۔


متعلقہ خبریں