بھارتی اداکار رشی کپور 67 برس کی عمر میں چل بسے



ممبئی: لیجنڈری بھارتی اداکار رشی کپور 67 برس کی عمر میں ممبئی کے سر ایچ ایم ریلاؤنس فاؤنڈیشن اسپتال میں انتقال کر گئے۔

رشی کپور طویل عرصے سے بیمار اور امریکہ میں زیرعلاج تھے، گزشتہ روز طبعیت خراب ہونے اور سانس لینے میں دشواری پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا.

2018 میں رشی کپور میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، نیویارک میں زیر علاج رہنے کے بعد وہ ستمبر 2019 میں بھارت واپس پہنچے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکار عرفان خان انتقال کر گئے

معروف بھارتی اداکار رشی کپور کی وفات کی اطلاع ان کے بھائی رندھیر کپور نے دی۔

امیتابھ بچن نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے رشی کپور کی وفات پر گہرے رنج و الم کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’وہ چلے گئے، رشی کپور کا انتقال ہوگیا ہے‘۔

رشی کا تعلق بھارت کے معروف ترین کپور خاندان سے تھا، وہ ماضی کے معروف اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر راج کپور کے دوسرے بیٹے تھے۔ ان کے چار بہن بھائی رندھیر کپور، ریتو نندا، رما جین اور راجیو کپور ہیں۔

رشی کپور کے لواحقین میں اہلیہ نیتو کپور، بیٹے رنبیر کپور اور بیٹی ردھیما ہیں۔

بھارتی اداکار رشی کپور 67 برس کی عمر میں چل بسے

ان کی اہلیہ نیتو کپور ماضی کی معروف اداکارہ ہیں جبکہ بیٹے رنبیر کپور کا شمار بھی بالی ووڈ کے کامیاب ترین اداکاروں میں کیا جاتا ہے۔

1973 میں فلم ’بوبی‘ سے اپنے کریئر کا آغاز کرنے والے رشی کپور  آخری بار عمران ہاشمی کے ساتھ فلم ’دی باڈی‘ میں جلوہ گر ہوئے تھے۔

بھارتی اداکار رشی کپور 67 برس کی عمر میں چل بسے

انہوں نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر بالی ووڈ اداکارہ دیپکا پڈوکون کے ساتھ اپنی نئی فلم کا اعلان کیا تھا۔ یہ فلم ہالی ووڈ فلم ‘دی انٹرن’ کا ہندی زبان میں ری میک تھی۔

اداکار رشی کپور نے 150 سے زائد بھارتی فلموں میں کام کیا تھا، اُن کی بہترین فلموں میں بوبی، چاندنی، جوکر، امر اکبر انتھونی اور دیگر شامل ہیں۔

بالی ووڈ اداکاروں نے رشی کپور کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔


متعلقہ خبریں