پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کیلئے انگینڈ اور آسٹریلیا کو دورہ کرنا چاہیے، سنگاکارا

پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کیلئے انگینڈ اور آسٹریلیا کو دورہ کرنا چاہیے، سنگاکارا

فائل فوٹو


میریلیبون کرکٹ کلب(ایم سی سی) کے صدر کمار سنگاکارا نے کہا ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلئے انگلینڈ اور آسٹریلیا کو دورہ کرنا چاہیے۔

سنگاکارا اس سری لنکن ٹیم کا حصہ تھے جس پر2009 میں دورہ پاکستان کے دوران حملہ ہوا اور چھ کھلاڑی زخمی ہوگئے تھے جب کہ پولیس افسر سمیت8پاکستانی جاں بحق ہوئے تھے۔2009 کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ معطل ہوگئی تھی۔

رواں سال فروری میں ایم سی سی کی ٹیم کے ساتھ سنگاکارا پاکستان واپس آئے تھے لیکن بڑی ٹیموں کے سیکیورٹی کےمتعلق خدشات ختم نہیں ہو سکے۔

سنگاکارا نے ایک ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ سیکیورٹی کی یقین دہانی کے بعد انگلینڈ یا آسٹریلیا حتی کہ جنوبی افریقہ کو بھی پاکستان کا دورہ کرنا چاہیے۔

پاکستان میں 2009 کے بعد دسمبر2019 میں پہلا بین الاقوامی ٹیسٹ میچ کھیلا گیا تھا جب کہ بنگلہ دیش نے بھی فروری2020 میں راولپنڈی میں ٹیسٹ کھیلا تھا۔

سنگاکارا کا کہنا تھا جب ایک ایشیا کی ٹیم پاکستان میں کرکٹ کھیل سکتی ہے تو دیگرممالک کی ٹیموں کو بھی خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں کیوںکہ سیکیورٹی کی صورتحال سب کیلئے ایک جیسی ہے۔

سابق سری لنکن کرکٹر کا کہنا تھا کہ فی الحال صورتحال ایسی نہیں کہ پاکستان میں پانچ ون ڈے اور ایک ٹیسٹ لگاتار کھیلا جا سکے۔ تاہم ایسا ہوسکتا ہے کہ آپ دو ٹیسٹ میچ کھیلیں اور لوٹ جائیں پھر وقفے کے بعد پاکستان جائیں اور باقی تین ون ڈے میچ کھیلیں۔

انہوں نے کہا مجھے یقین ہے کہ درست روابط اور اقدامات کے ساتھ کہ کھلاڑی پاکستان جا سکتے ہیں اور کچھ عمدہ معیار کی کرکٹ کھیل سکتے ہیں، پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کیلئے یہ ایک اچھا وقت ہے۔


متعلقہ خبریں