ڈاکٹرز کے مطابق نوازشریف ہائی رسک مریض ہیں، مریم نواز



لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزای اور مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدرمریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف کی سرجری کورونا کے باعث ملتوی ہوئی ہے۔

مریم نواز نے ٹویٹ کیا کہ ڈاکٹرز کے مطابق نوازشریف ہائی رسک مریض ہیں اور ان کے معاملے میں ہر طرح کی احتیاط لازم ہے۔

ن لیگ کی مرکزی نائب صدر نے لکھا کہ نوازشریف کا علاج جاری ہے، رمضان کریم کی خصوصی دعاؤں میں نوازشریف کو یاد رکھیں۔

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد نواز شریف19نومبر2019 میں علاج کی غرض سے لندن گئے تھے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی نے سابق وزیراعظم کو ضمانت کے دوران علاج کے لیے ایک مرتبہ بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔

لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے بعد وزارت داخلہ نے ان کی بیرون ملک روانگی کی اجازت دی تھی۔

سابق وزیراعظم کی صحت 21 اکتوبر2019کو نیب کی تحویل میں چوہدری شوگر ملز کیس کی تفتیش کے دوران خراب ہوگئی تھی۔ صحت کی تشویشناک صورتحال کے باعث لاہور کے سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں یہ بات سامنے آئی کہ ان کی خون کی رپورٹس تسلی بخش نہیں ان کے پلیٹلیٹس مسلسل کم ہورہے تھے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے 24 اکتوبر کو العزیزیہ ریفرنس میں طبی بنیادوں پر ان کی سزا معطلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ جبکہ چوہدری شوگر ملز کیس میں ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے شہباز شریف نے 8 نومبر کو وزارت داخلہ کو درخواست دی تھی جس نے نیب کو بھی فریق بنایا گیا تھا۔

حکومت نے نواز شریف کو 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی مشروط اجازت دی تھی تاہم لاہور ہائی کورٹ نے ہدایت کی کہ علاج کے لیے مزید وقت درکا ہوا تو درخواست گزار عدالت سے دوبارہ رجوع کرسکتا ہے اور میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں توسیع دی جاسکتی ہے۔


متعلقہ خبریں