’کورونا ریلیف کارروائی میں سندھ حکومت کی کرپشن کی داستانیں سامنے آ رہی ہیں‘



لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کی کورونا ریلیف پیکج پر تنقید ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا کے مترادف ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت زیادہ رقم سندھ میں تقسیم کی گئی ہے، وزیراعظم کی قیادت میں ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج چلایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو سے وفاقی حکومت کی کارکردگی دیکھی نہیں جا رہی،کورونا ریلیف کارروائی میں سندھ حکومت کی کرپشن کی داستانیں سامنے آ رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو سندھ میں گورننس کے فقدان پر توجہ دیں، سندھ میں کورونا متاثرین کو 13 سال پرانا گھٹیا راشن تقسیم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو وزیراعظم کے بجائے سندھ میں قیادت کے بحران پر توجہ دینی چاہیے۔

یاد رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے آج میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کے ہر صوبے کو وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے، بتایا جائے وفاقی حکومت نے آج تک کیا کیا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کو ہر وقت تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے مگر اس وزیراعلیٰ سے کوئی نہیں پوچھتا کہ جو کہتا ہے کورونا کیسے کاٹتا ہے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کے نمائندے ہر بیان میں میرے صوبہ کو نشانہ بناتے ہیں،وفاقی حکومت نے ہماری ہر کوشش سبوتاژ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا سے ہمیں لڑنا ہے، میرے ملک کا وزیراعظم عمران خان اور وزیر صحت بھی عمران خان ہے۔ وفاقی حکومت کو اپنی ذمہ داری اٹھانا پڑے گی۔

پاکستان میں ڈاکٹرز سمیت 444 ہیلتھ ورکرز کورونا سے متاثر،10جاں بحق

بلاول نے کہا کہ ڈاکٹرز کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر ہیں،400 طبی عملہ کورونا وائرس کا شکار ہوا اور کورونا وائرس سے پاکستان میں 9 ڈاکٹرز جاں بحق ہوئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے سب سےزیادہ دیہاڑی دار طبقہ متاثر ہوا، حکومت پاکستان کو دیہاڑی دار طبقے اورطبی عملےکیلئے عملی اقدام کرنے چاہیں۔


متعلقہ خبریں