روس نے امریکہ کو امدادی سامان کے ساتھ بل بھی بھیج دیا


واشنگٹن: روس نے امریکہ کو کورونا وائرس سے متعلق امدادی طبی سامان کے ساتھ 6 لاکھ ڈالر کا بل بھی بھیج دیا۔

روس کی جانب سے امریکہ کو بھجوائے گئے امدادی سامان میں وینٹی لیٹرز اور دیگر اشیا شامل ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ سامان کسی خصوصی پرواز کے بجائے عام کارگو پرواز میں بھجوایا گیا۔ 60 ٹن سامان میں 45 وینٹی لیٹرز شامل ہیں، تاہم وولٹیج استعمال کرنے کے فرق کی وجہ سے امریکہ میں یہ وینٹی لیٹرز بے کار ہیں۔

اس کے علاوہ سامان میں کیمیائی ہتھیاروں سے بچاؤ کے لئے استعمال ہونے والے ماسک اور گھریلو استعمال کے ہینڈ گلوز بھی شامل ہیں۔

روس کا کہنا ہے کہ اس سامان کی قیمت 13 لاکھ ڈالر بنتی ہے تاہم امریکی محکمہ داخلہ کو صرف 6 لاکھ ڈالر کا بل بھیجا گیا ہے۔

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے مارچ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فون پر طبی سامان بھجوانے کی پیشکش کی تھی جسے ٹرمپ نے قبول کر لیا تھا۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ امریکہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد باقی تمام ممالک سے زیادہ ہے۔ جہاں 11 لاکھ امریکیوں میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔

امریکہ میں کورنا وائرس سے مزید ایک ہزار 808 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد امریکہ میں اموات کی تعداد 65 ہزار 700 سے تجاوز کر گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں امریکہ میں اموات کی تعداد ایک لاکھ سے کم رہے گی، امریکی صدر

عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 39 ہزار سے بڑھ گئی جبکہ 34 لاکھ ایک ہزار 15 افراد متاثر ہو گئے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد میں سے 10 لاکھ 81 ہزار 6 سو سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

اسپین میں دو لاکھ چالیس ہزار کے قریب افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ اٹلی میں دو لاکھ پانچ ہزار سے زائد افراد کورونا کا شکار بنے۔ برطانیہ میں بھی ایک لاکھ اکہتر ہزار سے زائد افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔


متعلقہ خبریں