فیس بک بانی مارک زکربرگ نے معافی مانگ لی


واشنگٹن: فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے صارفین کا ڈیٹا چوری ہونے کے اسکینڈل پر کانگریس کے سامنےغلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگ لی ہے۔

فیس بک کے بانی نے امریکی کانگریس کے سامنے اپنے بیان میں اعتراف کیا کہ ہم اپنی ذمہ داری کو صحیح سے پورا نہیں کر سکے۔ یہ غلطی میری ہے اور میں اس کی معافی مانگتا ہوں۔ میں نے فیس بک شروع کی میں اسے چلاتا ہوں اور میں ہی ان سب کا ذمہ دار ہوں۔

مارک زکربرگ نے انکشاف کیا کہ روس سوشل میڈیا نیٹ ورک کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے اور ہم اس اقدام کو روکنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔

چار گھنٹے سے زائد وقت تک ہونے والی سماعت کے دوران 42 سینیٹرز پر مشتمل دو پینلز نے فیس بک کے بانی سے سوالات کیے جس کے دوران مارک زکربرگ نے ڈیٹا چوری ہونے کا اعتراف اور اس پر معافی مانگی۔

یہ بھی دیکھیں: پاکستان میں الیکشن سے قبل فیس بک بانی مارک زکربرگ کا اہم اعلان

ان کا کہنا تھا کہ 2018 میں پاکستان، بھارت اور برازیل سمیت کئی ممالک میں انتخابات ہونے جارہے ہیں جس کے لیے پہلی ترجیح اپنی غلطی کو سدھارنا ہے۔

مارک زکر برگ نے امریکی کانگریس کو بتایا کہ فیس بک مسئلے کے حل کے لیے نئے ٹولز بھی بنا رہا ہے، تاہم انہوں نے سینیٹرز کو اس کی تفصیلات بتانے سے اجتناب کیا۔

مارکیٹنگ کمپنی ‘کیمبرج اینالیٹکا’ نے آٹھ کروڑ سے زائد فیس بک صارفین کے بارے میں معلومات حاصل کیں اورانہیں امریکی انتخابات کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے لیے استعمال کیا تھا۔

امریکی و برطانوی میڈیا میں معاملے کا انکشاف ہونے کے بعد ابتداء میں فیس بک نے اسے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں