کورونا وائرس، اسپین اور جرمنی نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کر دیا


کورونا وائرس کا شکار ممالک اسپین اور جرمنی نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسپین میں لاک ڈاؤن میں مشروط نرمی کا اعلان کیا گیا ہے۔ حکومت اعلان کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ میں لوگوں کا ماسک لگانا لازمی ہو گا جبکہ حکومت شہریوں میں مفت ماسک تقسیم کرے گی۔

حکومت کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ انتظامیہ کو 60 لاکھ ماسک دیئے جائیں گے اور اضافی 70 لاکھ ماسک مقامی انتظامیہ میں تقسیم ہوں گے۔

جرمنی کی جانب سے بھی اپنے صوبے زاکسن ان ہالٹ میں لاک ڈاوَن میں نرمی کر دی گئی اور زاکسن ان ہالٹ میں اب 5 افراد کو اکٹھے ہونے کی اجازت ہو گی۔

جرمن حکام کے مطابق صوبے زاکسن ان ہالٹ میں اب تک ایک ہزار 577 کیسز سامنے آ چکے ہیں جبکہ اس صوبے میں 44 افراد کورونا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

زارلانڈ صوبے کی حکومت نے 800 اسکوائر میٹر کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا اور 20 اسکوائر میٹر کے حساب سے دکان و کاروبار دوبارہ کھولنے کی اجازت ہو گی۔

واضح رہے کہ اس وقت دنیا بھر میں کورونا وائرس کے حملے جاری ہیں اور اب تک دنیا بھر میں 2 لاکھ 44 ہزار سے زائد افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں جبکہ 34 لاکھ 84 ہزار سے زائد افراد کورونا کے مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد میں سے 11 لاکھ 21 ہزار سے زائد افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں کورونا ویکسین کی معلومات چرانے کیلیے دنیا بھر کے خفیہ ادارے متحرک

اسپین میں کورونا سے اب تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 25 ہزار 100 ہو گئی ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 45 ہزار سے زیادہ ہے۔

جرمنی میں بھی کورونا سے اموات کا سلسلہ جاری ہے اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 6 ہزار 800 سے بڑھ گئی ہے جب کہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 64 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔


متعلقہ خبریں