ملک میں6مئی تک بارشوں کا امکان



اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا تاہم خیبر پختونخوا، اسلام آباد، پنجاب، کشمیراور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

راولپنڈی اسلام آباد میں رات بھر تیزآندھی کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس سے خنکی میں اضافہ ہوا۔ مری، بالائی خیبرپختونخوا اور آزادکشمیر میں بھی ابررحمت برسنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

اسلام آباد ایئرپورٹ کو رات گئے آندھی سے نقصان پہنچا اور ڈومیسٹک ڈیپارچر لاؤنج کے اسموکنگ زون پر لگا شیشہ ٹوٹ گیا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ کی سیلنگ تیز ہواؤں کا زور برداشت نہ کرسکی اور آندھی سےسی ون ریموٹ ایریا کے چھت کی سیلنگ بھی نیچے جاگری۔ شیشہ ٹوٹنے اور سیلنگ گرنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اسلام آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش وقفے وقفے سے جاری رہی۔ روالپنڈی میں بھی تیزبارش نے جھل تھل ایک کردیا۔

ملکہ کوہسار مری میں موسلادھار بارش کے بعد ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے۔ مری کے علاوہ وزیرآباد اور منڈی بہاوالدین میں بھی بادل خوب برسے۔

بالائی خیبرپختونخوا کے علاقے  سوات، مردان، کوہاٹ اور صوابی میں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے این ڈی ایم اے کے مطابق بارش برسانے والا نظام چھ مئی تک ملک میں رہے گا اور اس دوارن مختلف علاقوں میں بادل برسنے کا امکان ہے۔

آج صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مو سم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم ژوب اور کوئٹہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

پنجاب میں خطہ پوٹھوہار، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈی جی خان، بہاولپور، رحیم یارخان، بہاولنگر، ملتان، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، لاہور اور گوجرانوالہ میں آندھی  کیساتھ  بارش کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج چترال، مالاکنڈ، سوات، دیر، ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہستان،پشاور، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرم، ہنگو، اور وزیرستان میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔


متعلقہ خبریں