پی سی بی کا کرکٹرز سمیت اسٹاف کی امداد کا فیصلہ


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹرز، میچ آفیشلز، اسکوررز اور گراؤنڈ اسٹاف کی امداد کا فیصلہ کر لیا۔

پی سی بی کے مطابق قواعد وضوابط پر پورا اترنے والے افراد کو یک وقتی ادائیگی عیدالفطر سے پہلے کر دی جائے گی۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کرکٹ کی سرگرمیاں معطل ہیں اور اسٹیک ہولڈرز کا خیال رکھنا بورڈ کی  ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرسٹ کلاس کرکٹرز کو 25  ہزار اور میچ آفیشلز کو 15 ہزار روپے دیے جائیں گے جبکہ اسکوررز اور گراؤنڈ اسٹاف کو 10 ،10 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آن لائن فٹنس ٹیسٹ کے بعد کرکٹرز کو ویڈیو لنک سے لیکچر دینے کا فیصلہ کیا۔ جس کے بعد سابق کرکٹرز ویڈیو لنک کے ذریعے موجودہ کھلاڑیوں کو کھیل کے گر سکھا رہے ہیں جبکہ جاوید میانداد، وسیم اکرم، محمد یوسف، یونس خان اور معین خان لیکچر دے رہے ہیں۔

مشتاق احمد، راشد لطیف اور شعیب اختر بھی آن لائن سیشنز میں لیکچر دے رہے ہیں جس میں 45 موجودہ اور ایمرجنگ کرکٹرز شرکت کر رہے ہیں۔

جاوید میانداد، محمد یوسف اور یونس خان 21 بلے بازوں کو تربیت دے رہے ہیں جبکہ وسیم اکرم اور شعیب اختر 13 فاسٹ باؤلرز کو ٹپس بتا رہے ہیں۔ مشتاق احمد 6 اسپنرز کو اپنے تجربات سے آگاہ کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں کورونا متاثرین کی امداد: کپتان اظہرعلی کابلا اور شرٹ نیلامی کیلئے پیش

معین خان اور راشد لطیف 5 وکٹ کیپرز کو آن لائن لیکچرز دیں گے اور ان آن لائن لیکچرز کا آغاز 27 اپریل سے شروع ہوا جس میں پہلا لیکچر جاوید میانداد نے دیا تھا۔

اسپنرز کے لیے منعقدہ سیشن میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے مشتاق احمد نے کہا کہ پاکستان میں گیند بآسانی گھومتا ہے مگر انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ میں وکٹیں لینے کے لیے اوور اسپن سے کامیابی ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عماد وسیم کی لیگ اسپن بہتر ہورہی ہے جبکہ یاسر شاہ گگلی پر خاص کام کررہے ہیں، شاداب خان کے پاس ویری ایشنز ہیں انہیں طویل طرز کی کرکٹ میں کامیابی کے لیے صرف تجربہ درکار ہے۔


متعلقہ خبریں