ٹائیگر فورس کل سے پورے ملک میں نظر آئے گی، عثمان ڈار

پی ڈی ایم رہنما ریاستی رٹ کو چیلنج کر رہے ہیں، عثمان ڈار

اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کل سے ٹائیگر فورس پورے ملک میں نظر آئے گی۔

وزیر اعظم عمران خان سے اُن کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ملاقات کی۔ اس موقع پر عثمان ڈار نے وزیر اعظم کو سندھ حکومت کے مؤقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت ٹائیگر فورس کے معاملے پر تعاون کے لیے تیار نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل کراچی سے خیبر تک ٹائیگر فورس میدان میں نظر آئے گی۔

عثمان ڈار نے کہا کہ سندھ حکومت کےمؤقف پرحیران ہوں تاہم وزیر اعظم کو آگاہ کر دیا ہے۔ ایک لاکھ 54 ہزار نوجوانوں کی ذمہ داری براہ راست سندھ حکومت کو دی اور اگر صوبائی حکومت ہمارا جاری کیا گیا نوٹیفکیشن پڑھتی تو حقائق جان پاتی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بغیر سوچے سمجھے ٹائیگر فورس پر سیاست کی۔ حزب اختلاف کو لگتا ہے کہ ہم ٹائیگر فورس کو ملازمتیں دینے جا رہے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں خود زلزلے اور سیلاب کے دوران دیہاڑیاں لگاتی رہی ہیں۔ تاہم 10 لاکھ نوجوانوں کے جذبے کی کوئی قیمت نہیں ہے۔

اس سے قبل ایک بیان میں عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کسی سیاسی جماعت کی نہیں بلکہ ملک کی رضا کار فورس ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس وبا سے لڑنے کے لیے مشکل حالات میں پھنسے ہوئے لوگوں کی مدد کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں ٹائیگرز فورس کو پورے ملک میں متحرک کرنے کی منظوری

وزیراعظم عمران خان نے عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی تشکیل کا اعلان کیا تھا جو مشکلات میں گھرے عوام الناس کی مدد کا فریضہ سر انجام دے گی۔

کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی سربراہی وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں