ویمن کرکٹرز کے لیے بھی آن لائن لیکچرز کا فیصلہ

فائل فوٹو


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے ویمن کرکٹرز کے لیے بھی آن لائن لیکچر سیشن رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق کپتان وسیم اکرم اور بابراعظم ویمن کرکٹرز کو آن لائن ٹپس دیں گے۔

آلراؤنڈرعالیہ ریاض نے پی سی بی اس فیصلے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آن لائن سیشن یہ جاننے کا نادر موقع ہوگا کہ وسیم اکرم کیسے دوسروں سے منفرد کھلاڑی بنے۔

کھلاڑیعالیہ ریاض کا کہنا ہے کہ ماضی کے عظیم کرکٹر سے کھیل  کے بارے میں جاننے کا یہ بہترین موقع ہے اور وہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گی۔ 

مڈل آرڈر بلے بازعمیمہ سہیل بھی بابراعظم کی بیٹنگ کی صلاحیتوں کے بارے میں جاننے کی منتظر ہیں۔ بابراعظم ایک اعلیٰ بلے باز ہیں جن کی آن لائن ٹپس سےہمیں اپنی بیٹنگ کی صلاحیتوں میں نکھار لانے  کا موقع ملے گا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ وہ بابراعظم سے  مشکل صورتحال میں اننگز کا پراعتماد آغاز اور پھر اسے لمبی اننگز میں تبدیل کرنے کا فن سیکھنا چاہیں گی۔

چیف سلیکٹر ویمن کرکٹ ٹیم عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ ان سیشنز سےخواتین کرکٹرز کوکھیل میں نکھار کا موقع ملے گا۔

پی سی بی کے مطابق 35 خواتین کرکٹرز پر مشتمل ان سیشنز کا انعقاد ویڈیو کانفرنس کال کے ذریعے کیا جائے گا۔سیشنز میں قومی خواتین کرکٹرز کومختلف حالات میں جامع حکمت عملی اپنانے سے متعلق معلومات دی جائیں گی۔ 

آن لائن سیشن 4 مئی کو منعقد ہوگا۔ سابق کپتان وسیم اکرم گزشتہ ہفتے مینز کرکٹرزکے ساتھ بھی ایسے ہی ایک سیشن میں شرکت کرچکے ہیں۔

کپتان قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم بابراعظم بھی خواتین کرکٹرز کو مختلف کنڈیشنز اور حالات میں بلے بازی سے متعلق گُر سیکھائیں گے۔ 


متعلقہ خبریں