کراچی میں رمضان کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں،محکمہ موسمیات


کراچی: ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شہر قائد کراچی میں جاری ہیٹ ویو 8 مئی تک ختم ہوجائے گی۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی میں رمضان کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ حیدرآباد اور نوابشاہ میں درجہ حرارت42 ڈگری تک پہنچ چکا ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل بھی محکمہ موسمیات نے  5 سے 8 مئی تک درمیانے درجے کی ہیٹ ویو کا امکان ظاہر کیا تھا۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہرو قائد میں اس دوران پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔

ماہرین ماحولیات کے مطابق گزشتہ سالوں میں درجہ حرارت تو 42 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رہا ہے لیکن شہر قائد کے بلند و بالا عمارتوں درمیان گھرے ہونے کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ محسوس ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا: کراچی کے ہاٹ اسپاٹ علاقے، ڈی جی ہیلتھ نے بتادیے

ماہرین صحت نے ان چار دنوں کے دوران شہریوں کو بلاضرورت گھروں سے نہ نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ گھر سے مجبوری میں نکلنا بھی پڑے تو احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں جیسا کہ سر پرکپڑا اوڑھنا، چھتری کے استعمال کو یقینی بنانا وغیرہ۔

یہ پہلی بار نہیں ہوا کہ کراچی میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی کی گئی، شہر قائد کو گزشتہ چار سالوں میں گرم موسم کا سامنا رہا ہے۔

سال 2015 میں شہر قائد کو بدترین ہیٹ ویو کا سامنا کرنا پڑا تھا جہاں 12 سو سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔ ملیر میں 197 ، گلبرگ میں 101 ، گلشن اقبال میں 84 افراد ہیٹ ویو کا نشانہ بنے تھے۔۔ لیاری، کورنگی،  نارتھ ناظم آباد،  شاہ فیصل اور لیاقت آباد کے علاقے بھی شدید متاثر ہوئے تھے۔

سال 2018 میں بھی شہر کو ہیٹ ویو کا سامنا کرنا پڑا تھا، ایدھی کے اعداد و شمار کے مطابق شہر میں 65 افراد ہیٹ ویو کے باعث جان کی بازی ہار گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: سرجانی ٹاؤن میں 5 بچے ڈوب کر جاں بحق

سال 2019 میں بھی ہیٹ ویو کی پیش گوئی کی گئی تھی تاہم اس سے نمٹنے کے لیے پہلے ہی انتظامات مکمل کرلیے گئے تھے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 1938 میں کراچی شہر میں سب سے زیادہ 47.8 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں