ملک کے بیشتر شہروں میں آج بارش کا امکان

فائل فوٹو


اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ مختلف مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

ملک کے بالائی وسطی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ تاہم خیبر پختونخواہ،اسلام آباد، پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ روز بھی پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی اور مختلف مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی جس کی وجہ سے لوگوں کی کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا۔

خیبر پختونخوا کے علاقے سیدو شریف سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی جہاں 60 ملی میٹر بارش ہوئی۔ حافظ آباد اور مالم جبہ میں 37 ملی میٹر، بالاکوٹ میں 31 ملی میٹر، جوہر آباد میں 27 ملی میٹر، لسبیلہ میں 17 ملی میٹر، گوجرانولہ میں 15 ملی میٹر، اسلام آباد میں 15 ملی میٹر، گلگت میں 5 ملی میٹر، چلاس میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی سندھ کے اضلاع میں رہی۔ شہید بے نظیر آباد میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ، سکرنڈ، دادو اور حیدرآباد میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں