کورونا وائرس، لاک ڈاؤن میں لاہور کی شاہراہوں پر بھکاریوں کا رش


لاہور: کورونا وائرس کی وجہ سے لگنے والے لاک ڈاؤن کے باعث لاہور کی شاہراہوں پر بھکاریوں کا رش لگ گیا۔

لاہور کی شاہراہوں پر لگے سگنلز پر بھکاریوں کے رش کی وجہ سے شہری انتہائی پریشان ہیں۔ جوں ہی سگنلز پر گاڑی رکتی ہے تو سگنلز پر کھڑے بھکاری شہریوں کی ناک میں دم کردیتے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سگنلز پرموجود بھکاریوں کی پہچان کرنا مشکل ہوتی ہے کہ وہ واقعی مجبور ہیں یا پیشہ ور بھکاری۔ خواتین تو ایک طرف اب تک اچھے خاصے نوجوان بھی ننھے معصوم بچوں کو اٹھائے بھیک مانگتے نظر آتے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ ایک مافیا ہے جس کی تہہ تک جانا چاہیے، ان کی تعداد میں بدستور اضافہ ہی ہو رہا ہے۔

شاہراہوں پر بھیک مانگتے والے افراد کہتے ہیں کہ ان کو مانگنے کا شوق نہیں حالات ہی ایسے ہو گئے ہیں کہ وہ بچوں کو ساتھ  لے کر مانگنے پر مجبور ہیں۔

ان افراد کا کہنا تھا کہ ان کا کمانے والا کوئی نہیں ہے اور بچوں کا پیٹ تو پالنا ہے۔ انہیں حکومت کی طرف سے بھی کوئی امداد نہیں ملی۔ مانگیں نہیں تو پھر کیا کریں۔

شہریوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور بیروزگار افراد کے لئے مناسب روزگار کا بندوبست کیا جائے۔


متعلقہ خبریں