وسیم اکرم کی خواتین کرکٹرز کو آن لائن ٹپس


اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے لیے آن لائن سیشنز کا اہتمام کیا گیا جس میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ٹپس دی۔

پی سی بی کے ترجمان نے بتایا کہ 35 خواتین کرکٹرز پر مشتمل ان سیشنز کا انعقاد ویڈیو کانفرنس کال کے ذریعے کیا گیا جس میںمیں قومی خواتین کرکٹرز کومختلف حالات میں جامع حکمت عملی اپنانے سے متعلق معلومات دی گئی۔

ویمن کرکٹرز کے لیے بھی آن لائن لیکچرز کا فیصلہ

اس ضمن میں گفتگو کرتے ہوئے آلراؤنڈر عالیہ ریاض نے کہا کہ آن لائن سیشن یہ جاننے کا نادر موقع ہے کہ وسیم اکرم کیسےدوسروں سے منفرد کھلاڑی بنے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کے عظیم کرکٹر سے کھیل کے بارے میں جاننے کا یہ بہترین موقع ہے اور وہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے۔

ویمن کرکٹ ٹیم کی چیف سلیکٹر عروج ممتاز نے کہا کہ  ان سیشنز سےخواتین کرکٹرز کوکھیل میں نکھار کا موقع ملے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سابق کپتان وسیم اکرم مینز کرکٹرزکے ساتھ بھی ایسے ہی ایک سیشن میں شرکت کرچکے ہیں۔

اس موقع پر وسیم اکرم  نے کہا کہ ایک فاسٹ باؤلر کے لیے ڈسپلن اور خود اعتمادی سے بڑھ کر کچھ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ کریئر کے مشکل وقت میں خوف کو پس پشت ڈال کر آگے بڑھنا ہی کامیابی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وسیم اکرم نے وقار یونس کے ہمراہ اپنی یادگار تصویر شیئر کر دی

وسیم اکرم نے ماضی کی کہانیاں سناتے ہوئے فاسٹ باؤلرز کو بتایا کہ وہ کبھی بھی کسی خاص کارکردگی پر مطمئن نہیں ہوتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اچھے کھلاڑی کے لیے ہر دن نیا دن ہوتا ہے اور اسے ہر دن کے لیے ایک نئی حکمت عملی تیار کرنا ہوتی ہے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ طویل طرز کی کرکٹ ہی اصل کرکٹ ہے، عظیم کھلاڑی بننے کے لیے یہاں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ کرکٹ اعداد و شمار کا کھیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے کریئر کے دوران اپنے اہداف ترتیب دیا کرتے تھے اور سب سے بڑا ہدف یہی تھا کہ کیا کرکٹ چھوڑنے کے بعد انہیں یاد کیا جائے گا یا مبصرین انہیں آل ٹائم ٹیسٹ الیون میں شامل کریں۔

 


متعلقہ خبریں