میں نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا، محمد آصف


اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے متنازعہ گیند باز محمد آصف نے کہا ہے کہ ماضی میں بھی اور میرے بعد بھی کئی کرکٹرز فکسنگ میں ملوث پائے گئے ہیں تاہم ان میں سے چند لوگ آج پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے لیے کام رہے ہیں اور میرے بعد کے کھلاڑی اب بھی کھیل رہے ہیں۔

کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو کو دیئے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ سب کو دوسرا موقع دیا گیا تاہم میری طرح چند کرکٹرز ایسے بھی ہیں جن کے ساتھ مختلف رویہ رکھا گیا۔

انہوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ جانتے ہوئے بھی مجھے بچانے کی کوشش نہیں کی کہ دنیا میرے صلاحیتوں کی معترف ہے۔

محمد آصف نے کہا کہ جو بھی ہوا وہ اب ماضی کا حصہ ہے لیکن میں نے جتنی بھی کرکٹ کھیلی اس میں دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔

پیٹرسن نے محمد آصف کو دنیا کا بہترین باولر قرار دے دیا

انہوں نے کہا کہ میدان سے باہر مجھے اچھا رویہ رکھنا چاہئے تھا جس کا مجھے بہت نقصان بھی ہوا ہے تاہم میں نا اس وقت بھوکا مرا تھا اور نہ ہی اب بھوکا مر رہا ہوں۔

قومی ٹیم کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے نظام کا بنیادی مسئلہ وہ سیلکٹرز ہیں جن کا اپنا کرکٹ کیریئر بہت محدود تھا اور وہ بہت عام کھلاڑی تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے سیلکٹرز تیز گیند بازوں کو سیلکٹ کر لیتے ہیں کیونکہ وہ خود  ماضی میں تیز گیند بازی کے خلاف مشکلات کا شکار ہو جاتے تھے، انہیں میرے اور محمد عباس جیسے گیند بازوں کی اہمیت کا اندازہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں تیز گیند بازی کو معیار سمجھ لیا گیا ہے، اور اس بات کو نظرانداز کر دیا جاتا ہے کہ فاسٹ باولرز کی بھی کئی اقسام ہوتی ہیں۔

محمد آصف نے کہا کہ جب میں اور شعیب اختر ساتھ کھیلتے تھے تو اس وقت میری وکٹیں ان سے زیادہ تھیں۔


متعلقہ خبریں