پنجاب حکومت نے فنکاروں کی مالی معاونت کرنے کا اعلان کر دیا

ماضی کی حکومتوں نے باتیں بنائیں، ہم نیا لاہور بنا رہے ہیں۔ عثمان بزدار

لاہور: پنجاب حکومت نے 3 ہزار فنکاروں کی مالی معاونت کرنے کا اعلان کر دیا۔

پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن کے باعث مالی مشکلات کا شکار فنکاروں کی مالی معاونت کا فیصلہ کر لیا۔ جس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مستحق فنکاروں کے لیے مالی امداد کے پیکج کی منظوری دے دی اور محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب نے مستحق فنکاروں کے لیے مالی امداد کا پیکج تیار کر لیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت 3 ہزار فنکاروں کی مالی معاونت کرے گی اور مستحق فنکاروں کو 15 سے 20 ہزار روپے تک مالی امداد دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے باعث دیگر طبقوں کی طرح فنکاروں کو بھی مالی مشکلات کا سامنا ہے اور تحریک انصاف کی حکومت کو فنکاروں کی مشکلات کا پورا احساس ہے۔ مستحق فنکاروں کی انتہائی شفاف طریقے سے معاونت کریں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مالی مشکلات میں گھرے فنکاروں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے جبکہ فنکاروں کی درجہ بندی کر کے انہیں جلد سے جلد امدادی رقم فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مالی امداد کوئی احسان نہیں بلکہ فنکاروں کا حق ہے۔

دو روز قبل پنجاب حکومت نے صوبے میں مرحلہ وار کاروبار کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا اور صوبے بھر میں صبح نو سے رات آٹھ  بجےتک یوٹیلٹی اسٹورز کھولنے کی اجازت دے دی۔

کپڑے سے متعلقہ تمام صنعتیں جلد کھول دی جائیں گی جب کہ حجام سمیت دیگر چھوٹے کاروبار کو بھی کام کی اجازت ہو گی جبکہ ٹیکسٹائل سے متعلقہ صنعتوں اور چھوٹے کاروبار کو مقررہ اوقات کار میں کام کی اجازت ہوگی۔

وزیراعلی پنجاب سے اپٹما اور صنعتکاروں کے وفد نے بھی ملاقات کی جس میں صنعتکاروں اور تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی  کرادی۔

یہ بھی پڑھیں کورونا: پنجاب میں اسمارٹ سیمپلنگ کا آغاز

ملاقات کے دوران وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت تاجر برداری کے لیے آسانیاں پیدا کر رہی ہے۔ کاروبار چلے گا تو عام آدمی کو روزگار ملے گا۔


متعلقہ خبریں