پاکستان ریلویز نے ٹرینوں کے نئے ٹائم ٹیبل کا اعلان کردیا

ریل گاڑی میں بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے ہو جائیں ہوشیار

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے کی منظوری کے بعد پاکستان ریلویز نے موسم گرما میں ٹرینوں کے نئے نظام الاوقات (ٹائم ٹیبل) کا اعلان کردیا ہے۔

وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ نئے ٹائم ٹیبل میں سندھ اورکراچی کے مسافروں کی سہولت کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ مہران ایکسپریس کی بحالی کے ساتھ موجودہ ٹرینوں کو نئے اسٹاپس بھی دیئے گئے ہیں۔

کراچی سے میر پورخاص کے درمیان چلنے والی مہران ایکسپریس بحال کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ گورنرسندھ 13 اپریل کو مہران ایکسپریس کے نئے ریک کا افتتاح کریں گے۔

ترجمان پاکستان ریلویز کے مطابق نو ٹرینوں کو اضافی اسٹاپ دئیے گئے ہیں اور 12 ٹرینوں کی روانگی کا وقت تبدیل کیا گیا ہے۔

نئے ٹائم ٹیبل میں علامہ اقبال ایکسپریس اب لانڈھی، ہزارہ ایکسپریس گھوٹکی اورعوام ایکسپرس ڈرگ روڈ ریلوے اسٹینشوں پر بھی رکیں گی۔

ملت ایکسپریس چناب نگر، بہاؤالدین زکریا ایکسپریس ڈرگ روڈ اور شالیمارایکسپریس خانیوال میں اسٹاپ کریں گی۔ فرید ایکسپریس میر پور ماتھیلو، پاکستان ایکسپریس گھوٹکی اور پڈعیدن اورمہرایکسپریس بسال شریف پر بھی اسٹاپ کریں گی۔

شیڈول کے مطابق 15 اپریل سے عوام ایکسپریس پشاور سے صبح نو بجے کے بجائے ساڑھے آٹھ بجے روانہ ہوگی جب کہ بدرایکسپریس لاہورسے سوا چھ بجے کے بجائے نو بجے اورغوری ایکسپریس نو کے بجائے سوا نو بجے روانہ ہوگی۔

ترجمان ریلویز کے مطابق سرگودھا ایکسپریس سرگودھا سے سوا چار بجے، کوہاٹ ایکسپریس کوہاٹ کینٹ سے صبح ساڑھے سات کے بجائے سات بجے، چناب ایکسپریس لالہ موسی سے ساڑھے تین بجے کے بجائے چار بجے روانہ ہوگی۔

ساندل ایکسپریس ملتان سے ساڑھے چھ کے بجائے پانچ بج کر 50 منٹ پر، اٹک پیسنجر ماڑی انڈس سے تین بج کر20 منٹ کے بجائے پونے تین بجے، راولپنڈی پیسنجر راولپنڈی اسٹیشن سے آٹھ کے بجائے ساڑھے سات بجے اور مکسڈ ٹرین سرگودھا سے ساڑھے دس کے بجائے گیارہ بجے روانہ ہوگی۔

بولان میل کو مارشلنگ یارڈ پیپری، خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو چھب، موسی پاک اور ملتان ایکسپریس چیچہ وطنی اور کوہاٹ ایکسپریس کو بابری بانڈہ پر مستقل اسٹاپ کی اجازت دے دی گئی۔

نئے ٹائم ٹیبل میں سکھرایکسپریس خیرپورمیں دو کے بجائے پانچ منٹ، بولان میل سیہون میں دو کے بجائے پانچ منٹ جب کہ خوشحال خان خٹک ایکسپریس بھی سیہون میں پانچ منٹ اسٹاپ کریں گی۔


متعلقہ خبریں