پشاور ہائی کورٹ سوات بینچ کے ملازمین کورونا وائرس کا شکار


سوات: پشاور ہائی کورٹ سوات بینچ کے 7 ملازمین کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔

ترجمان پشاور ہائی کورٹ کے مطابق سوات بینچ کے ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد مینگورہ بینچ کی متعلقہ برانچ کو سیل کر دیا گیا۔

سوات بینچ کے ایک اہلکار میں کورونا کی تصدیق کے بعد دیگر ملازمین کے ٹیسٹ کرائے گئے جس میں سات ملازمین میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ اموات خیبر پختونخوا صوبے میں ہوئی ہے جن کی تعداد 185 ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہزار 2 سو سے زائد ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 486 ہو گئی جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 21 ہزار 501 تک پہنچ گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1,315 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 24 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے 5 ہزار 782 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 173 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 9 ہزار 857  ٹیسٹ کیے گئے جبکہ کُل 2 لاکھ 22 ہزار 404  ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کو سامنے آئے 2 ماہ سے زائد عرصہ بیت چکا ہے، ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا: پنجاب میں اسمارٹ سیمپلنگ کا آغاز

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا جس کے ایک ماہ بعد یعنی 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی اور تادم تحریر اموات کی تعداد 486 ہو گئی ہے۔


متعلقہ خبریں