کورونا: بلوچستان حکومت کے پاس وینٹی لیٹرز کم پڑ گئے


کوئٹہ: کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے بلوچستان کے سرکاری اسپتالوں میں  وینٹی لیٹرز کم پڑگئے۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمارے پاس وینٹی لیٹرز کم ہیں۔ این ڈی ایم کو مزید وینٹی لیٹرز فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں کورونا کیسز میں اضافہ تشویشنا ک ہے۔ صوبے میں لاک ڈاوَن میں توسیع کا فیصلہ کورونا وائرس سے شہریوں کے تحفظ کیلیے کیا ہے۔

لیاقت شاہوانی نے کہا کہ صوبے میں لاک ڈاوَن میں 19 مئی تک توسیع کی ہے۔ لاک ڈاوَن پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، خلا ف ورزی پر کارروائی ہو گی۔

ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ صوبے میں 2 پی سی آر مشینوں سے ٹیسٹنگ کی جا رہی تھی۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 486 ہو گئی جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 21 ہزار 501 تک پہنچ گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1,315 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 24 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے 5 ہزار 782 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا کو کنٹرول کرنے میں چین کا اہم کردار ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

سندھ میں کورونا کے اب تک  7 ہزار 882 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب 8 ہزار 103، خیبرپختونخوا 3,288، بلوچستان 1,321، اسلام آباد 464، آزاد کشمیر 71 اورگلگت بلتستان میں 372 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 185 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 137، پنجاب میں 136، بلوچستان 21، اسلام آباد 04 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 3 افراد جاں بحق ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 173 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 9 ہزار 857  ٹیسٹ کیے گئے جبکہ کُل 2 لاکھ 22 ہزار 404  ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں