انڈس اسپتال کراچی کا اسٹاف نرس کورونا سے جاں بحق


کراچی: انڈس اسپتال کراچی کا اسٹاف نرس کورونا وائرس سے جاں بحق ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق علامات ظاہر ہونے پر نعمان کو کچھ  دن قبل انڈس اسپتال سے سول اسپتال کراچی منتقل کیا گیا تھا ۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول اسپتال نے نرس کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نعمان کی حالت 2 دن سے تشویشناک تھی۔

ایم ایس سول اسپتال نے مزید کہا کہ 2 دن قبل بھی نعمان کی سانس کو سی پی آر کے ذریعے بحال کیا گیا تھا۔

اس سے قبل کراچی کے معروف انڈس اسپتال کے 8 ڈاکٹرز میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی تھی۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹرز کورونا وائرس ایمرجنسی کے دوران مسلسل اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔ 6 ڈاکٹرز ایمرجنسی میں جبکہ دو کورونا وارڈ میں متاثر ہوئے۔

مزید پڑھیں: کراچی: 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 299 نئے کیسز رپورٹ

اسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام متاثرہ ڈاکٹروں کو گھروں میں قرنطینہ میں رہنے کا کہا گیا ہے۔ 8 ڈاکٹرز کی کمی کے باوجود ایمرجنسی آپریشنز بحال ہیں

اندس اسپتال کے چیف ایگزکٹیو آفیسر ڈاکٹر عبدالباری نے کہا تھا کہ لوگ احتیاط کریں، ورنہ اسپتالوں میں جگہ نہیں رہے گی۔ شہری احتیاط کریں ، ورنہ اسپتال بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 486 ہو گئی جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 21 ہزار 501 تک پہنچ گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1,315 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 24 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے 5 ہزار 782 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا کو کنٹرول کرنے میں چین کا اہم کردار ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

سندھ میں کورونا کے اب تک  7 ہزار 882 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب 8 ہزار 103، خیبرپختونخوا 3,288، بلوچستان 1,321، اسلام آباد 464، آزاد کشمیر 71 اورگلگت بلتستان میں 372 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 185 اموات ہوئی ہیں۔ سندھ میں 137، پنجاب میں 136، بلوچستان 21، اسلام آباد 04 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 3 افراد جاں بحق ہوئے۔


متعلقہ خبریں