’ رمضان میں اہم نوعیت کے کاروبار کو مشروط طور پر کھولنے پر غور کر رہے ہیں ‘

خیبر پختوںخوا حکومت جلد ریلیف پیکج کا اعلان کرے گی

فوٹو: فائل


پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ رمضان میں اہم نوعیت کےکاروبار کو مشروط طور پر کھولنے پرغور کر رہے ہیں۔

تاجربرادری سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کاروباری طبقےکے مفاد میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مخصوص اوقات کےدوران کاروبار کھولنے پر غورجاری ہے اور اس حوالے سے تاجر برادری کی باہمی مشاورت سےجامع لائحہ عمل ترتیب دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا کو کنٹرول کرنے میں چین کا اہم کردار ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

انہوں نے کہا کہ ہمیں کاروباری طبقے اور عوام کو درپیش مشکلات کا احساس ہے۔

خیال رہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں وبائی مرض سےمزید 9 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد صوبہ بھر میں  کورونا سےاموات کی تعداد 194 ہو گئی۔

رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 5 کا تعلق پشاور،ایک کا چارسدہ،ایک مردان اور ایک کا تعلق مانسہرہ سے ہے۔

خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران کورونا کے مزید 211 نئےکیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ کورونا کیسز کی کل تعداد 3 ہزار 499 ہو گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران کورونا کے19 مریض صحت یاب ہوئے ہیں، کورونا سےاب تک صحت یاب مریضوں کی تعداد 875 ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 486 ہو گئی جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 21 ہزار 501 تک پہنچ گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ  تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1,315 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 24 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔


متعلقہ خبریں