پاکستان میں ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے ترکی نے خدمات پیش کر دیں

فائل فوٹو


ملک میں ٹڈی دل کے خاتمے کی پاکستانی حکومت کی کاوشوں کو مزید تقویت دینے کے لیے برادر ملک ترکی نے اپنی خدمات حکومت پاکستان کو فراہم کی ہیں۔

پاکستان میں ٹڈی دل کے خاتمے کےلیے اسپرے والا خصوصی جہاز ترکی سے پاکستان پہنچے گیا ہے اور اس کیلئے پاک فضائیہ کا سی ون تھرٹی طیارہ خصوصی جہاز پائپربریو لینے کےلیے ترک شہر ادانا گیا تھا۔

حکومت پاکستان کی خصوصی ہدایت پر پاک فضائیہ کا سی ون تھرٹی طیارہ اسپرے کرنے والا خصوصی جہاز پائپر بریولانے کے لیے ترکی کے شہر ادانا پہنچا۔

یہ جہازچار افراد پر مشتمل عملے سمیت پاکستان آیا ہے اور یہاں اسے اسمبل کرنے کے بعد ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں میں بھیجا جائے گا۔

جہاز ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے ملک بھر میں خصوصا سندھ اور پنجاب کے اضلاع میں اسپرے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

پاکستان میں ٹڈی دل کے ملک کے مختلف علاقوں میں فصلوں پر حملے جاری ہیں جس سے چنے اور ٹماٹر کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔

مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن اور اسپرے بھی کیا گیا تاہم ابھی بھی ٹڈی دل نے بیشتر مقامات پر ہلہ بول رکھا ہے۔

گھوٹکی میں ان چھوٹے کیڑوں نے پھر بڑا حملہ کر دیا ہے جس سے چنے اور ٹماٹر سمیت دیگر فصلیں متاثر ہو رہی ہیں۔ ٹڈی دل اب دیگر کاشت کی جانے والی سبزیوں پر حملہ آور ہوچکی ہے۔

ڈپٹی کمشنر گھوٹکی نے گاڑیوں اور دیگر وسائل کی فراہمی کے لیے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے سندھ کو مراسلہ بھیج دیا ہے ۔ بلوچستان کے کئی علاقے بھی ٹڈی دل کے حملوں سے محفوظ نہیں ہیں۔

چاغی میں ٹڈی دل کے حملوں سے بچاو کے لیے اسپرے کیا جا رہا ہے جب کہ پنجاب کے ضلع لیہ میں بھی ٹڈی دل فصلوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔

ان کے خاتمے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے اسپرے کیا جا رہا ہے تاہم کسانوں نے مزید موثر حفاظتی اقدامات کی اپیل کی ہے۔


متعلقہ خبریں