نواب شاہ میں ٹڈی دل کا حملہ، فصلیں تباہ

لیہ: ٹڈی دل کے حملے میں فصلوں کو نقصان

نواب شاہ: سندھ کے ضلع نواب شاہ میں ٹڈی دَل نے فصلوں پر حملہ کر دیا۔ جس کے باعث کپاس، گناہ، جوار اور پیاز کی فصل کو نقصان پہنچا۔

نواب شاہ کی تحصیل دوڑ کی یونین کونسل اباوڑی ساوڑی، سھیلو اور سومر جمالی میں ٹڈی دَل نے حملہ کیا۔ جس کی وجہ سے کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔

کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ ٹڈی دَل کے فصلوں پر حملے نے ہمیں پریشان کر دیا ہے۔ حکومت ٹڈی دَل کے خاتمہ کے لیے اسپرے کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال کے اختتام اور رواں سال کے شروع میں بھی ٹڈی دل نے ملک کے مختلف علاقوں پر حملہ کیا تھا جس کی وجہ سے پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے بیشتر علاقوں میں فصلوں کو نقصان پہنچا تھا۔

گزشتہ روز ملک میں ٹڈی دل کے خاتمے کی پاکستانی حکومت کی کاوشوں کو مزید تقویت دینے کے لیے برادر ملک ترکی نے اپنی خدمات حکومت پاکستان کو فراہم کی ہیں۔

پاکستان میں ٹڈی دل کے خاتمے کےلیے اسپرے والا خصوصی جہاز ترکی سے پاکستان پہنچ گیا ہے اور اس کیلئے پاک فضائیہ کا سی ون تھرٹی طیارہ خصوصی جہاز پائپربریو لینے کے لیے ترک شہر ادانا گیا تھا۔

یہ جہازچار افراد پر مشتمل عملے سمیت پاکستان آیا ہے اور یہاں اسے اسمبل کرنے کے بعد ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں میں بھیجا جائے گا۔

جہاز ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے ملک بھر میں خصوصا سندھ اور پنجاب کے اضلاع میں اسپرے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں چین کا ٹڈی دل سے نمٹنے کے لیے ایک لاکھ بطخیں فراہم کرنے کا فیصلہ

پاکستان میں ٹڈی دل کے ملک کے مختلف علاقوں میں فصلوں پر حملے جاری ہیں جس سے چنے اور ٹماٹر کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔

مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن اور اسپرے بھی کیا گیا تاہم ابھی بھی ٹڈی دل نے بیشتر مقامات پر ہلہ بول رکھا ہے۔


متعلقہ خبریں