مسلم لیگ ن میں اختلاف نہیں اختلافِ رائے ہے، شاہد خاقان عباسی


اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن میں کوئی اختلاف نہیں ہاں اختلافِ رائے ضرور ہوتا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ بیرون ملک جانا شہباز شریف کا حق ہے اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ہی ہیں۔

ملسم لیگ ن کے سینئر رہنما نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) سے سب سے زیادہ تنگ آج خود حکومت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن کا مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے باہر کیمپ لگانے کا اعلان

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ ن پہلے دن سے کہہ رہی ہے کہ نیب کے قوانین میں ترامیم کر لیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت بہانے کرتی رہی ہے ہم اپنا مقدمہ عوام کے سامنے رکھتے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ یہاں کیس نہیں فیس دیکھے جاتے ہیں، اب حکومتی چہرے بھی جلد یہاں نظر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایل این جی کیس کو دو سال گزر گئے لیکن نیب کیس نہیں بنا سکا، ہمیں اب تک یہ بھی نہیں معلوم کہ ہمارے خلاف کیس کیا ہے۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب نے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت سب سے بڑا چیلنج کورونا وائرس درپیش ہے اور اس صورت حال میں وفاق صوبوں سے لڑنے میں مصروف ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چوہدری برادران کا چیئرمین نیب کے اختیارات کیخلاف عدالت سے رجوع

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک کو تقسیم کرکے رکھ دیا ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ وہ جاوید اقبال کی بطور چیئرمین نیب تعیناتی پر قوم سے ایک بار پھر معافی مانگتے ہیں۔

پروگرام بڑی بات میں میزبان عادل شازیب کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب چیئرمین کی تعیناتی کسی ایک جماعت کا فیصلہ نہیں تھا۔ میں نے چیئرمین نیب کیلئے جو نام دیے وہ بھی پارٹی کے تھے۔

ایک سوال کے جواب میں شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ نیب قانون میں ترامیم کے حوالے سے کسی پاور بروکر کا کوئی کردار نہیں تھا۔ شیخ رشید سستی شہرت کیلئے باتیں کرتے رہتےہیں۔


متعلقہ خبریں