مقبوضہ کشمیر: حزب المجاہدین کے چیف کمانڈر ریاض نائیکو شہید


سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت نہ تھم سکی، حزب المجاہدین کے چیف کمانڈر ریاض نائیکو کو ساتھی سمیت شہید کر دیا۔

حزب المجاہدین کے چیف آپریشنل کمانڈر ریاض نائیکوغاصب بھارتی فوج کی بربریت کا نشانہ بن گئے۔ 40 سالہ ریاض نائیکو کو ساتھی سمیت پلوامہ میں ایک سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا.

پلوامہ کے گاوں بیگ پورہ سے تعلق رکھنے والے ریاض نائیکو نے سال 2012 میں ریاضی میں ڈگری حاصل کی تھی۔

تعلیم مکمل کرنے کے بعد ریاض نائیکو نے مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے خلاف مسلح جدوجہد کا راستہ اختیار کیا اور برہان وانی کی شہادت کے بعدریاض نائیکو کو کمانڈر مقررکیا گیا۔

ریاض نائیکو کی شہادت کے بعد مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی افواج کے خلاف بھرپور احتجاج ہوا، پلوامہ میں مظاہرین نے بھارتی فوج کی بکتر بند گاڑیوں پر حملے کیے۔

بھارتی فوج نے متعدد گھروں کو دھماکے سے تباہ کر دیا، 14 کشمیری زخمی بھی ہوئے۔ پلوامہ کے علاقہ سرشالی میں بھارتی فوج کے ایک اور آپریشن میں دو کشمیری شہید ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں مقبوضہ کشمیر، بھارتی لاک ڈاؤن کو 275 روز ہو گئے

حریت کانفرنس نے مقبوضہ وادی میں جمعہ کو ہڑتال کا اعلان کر دیا اور عوام سے شہید کے جنازے میں شرکت کی اپیل کی ہے۔

جھڑپ کے بعد جنوبی کشمیر میں سخت کرفیو نافذ کر دیا گیا جبکہ موبائل انٹرنیٹ سروسز بھی معطل ہے۔

نشرواشاعت اور انٹرنیٹ پر پابندی کے باعث مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے مظلوموں کی حالت کا کچھ معلوم نہیں۔ عالمی وبا کے دوران مقبوضہ وادی میں بسنے والے کس حال میں ہیں ؟ انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی افواج کی جانب سے کشمیریوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ پہلے کی طرح جاری ہے۔ صرف گزشتہ ماہ اپریل کے دوران پلوامہ، شوپیاں اور اننت ناگ میں 15 مختلف آپریشنز میں متعدد کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔


متعلقہ خبریں