کورونا وائرس پر تحقیق کرنے والا چینی پروفیسر امریکہ میں قتل



کورونا وائرس پر تحقیق کرنے والے امریکی پٹس برگ یونیورسٹی کے چینی پروفیسر کو قتل کردیا گیا۔

یونیورسٹی کے مطابق پروفیسر کورونا وائرس کے حوالے سے اپنی تحقیق میں انتہائی اہم نتائج کے بالکل قریب پہنچ چکے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ پروفیسر بنگ لو کو ان کے گھر میں سر اور گلے میں گولیاں ماری گئیں۔

پولیس حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ  پروفیسر کے گھر کے قریب کار میں ایک اور شخص مردہ حالت میں ملا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا: دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد 38 لاکھ 22 ہزار سے تجاوز کر گئی

خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس شخص نے ہی مبینہ طور پر  پروفیسر کو قتل کرنے کے بعد اپنی کار میں خودکشی کی۔

دوسری جانب پوری دنیا عالمی وبا کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے۔

عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے پوری دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 38 لاکھ 22 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ کورونا وائرس نامی مہلک وبا کے باعث اب تک جہان فانی سے دو لاکھ 64 ہزار سے زائد افراد کوچ کر چکے ہیں۔

ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 13 لاکھ 02 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ 63 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 74 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لاک ڈاؤن میں نرمی: احتیاط نہ کی تو کورونا کیسز میں اضافہ ہو سکتا ہے، عالمی ادارہ صحت

اعداد و شمار کے مطابق اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 53 ہزارسے زائد ہو گئی ہے جب کورونا نے مزید 244 افراد کی جانیں لے لی ہیں۔ اس طرح اسپین میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 25 ہزار 8 سو سے بڑھ گئی ہے۔

خبررساں ادارے کے مطابق اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 14 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ مزید 369 افراد اپنی جانوں کی بازیاں ہار گئے ہیں۔ اٹلی میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 29 ہزار 6 سو سے زائد ہو گئی ہے۔


متعلقہ خبریں