سابق آل راؤنڈرز اظہر محمود اور عبدالرزاق کی عمران خان کے ساتھ ڈریم پیئر بنانےکی خواہش

سابق آل راؤنڈرز اظہر محمود اور عبدالرزاق کی عمران خان کے ساتھ ڈریم پیئر بنانےکی خواہش

سوشل میڈیا پر جاری پی سی بی کی ڈریم پیئر مہم کو مداحوں، سابقہ اور موجودہ کھلاڑیوں سمیت صحافیوں اور کرکٹ پنڈتوں کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی ہے۔ ڈیجٹل مہم کا پانچواں مرحلہ 7 مئی بروز جمعرات دوپہر 2 بجے شروع ہورہا ہے جہاں مداحوں کو ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے پسندیدہ آل راؤنڈر کو چننے کا موقع فراہم کیا جارہا ہے۔

پاکستان کی جانب سے 21 ٹیسٹ میچوں میں 900 رنز اور 39 وکٹیں حاصل کرنے والے سابق آلراؤنڈر اظہر محمود نے ماضی کے عظیم کھلاڑیوں میں سے عمران خان کے ہمراہ اپنی ڈریم جوڑی بنانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ 1997 میں اپنے ٹیسٹ ڈیبیو کی پہلی اننگز میں جنوبی افریقہ کے خلاف ناقابل شکست سنچری اور دوسری اننگز میں ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کرکے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے اظہر محمود نے عصر حاضر کے  کرکٹرز میں سے بابراعظم کےساتھ بیٹنگ اور شاہین شاہ آفریدی کے ہمراہ باؤلنگ جوڑی بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

اظہر محمود

سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہر محمود کا کہنا ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ ڈریم پیئر بنانا چاہتے ہیں کیونکہ ماضی کے عظیم آل راؤنڈر کو دیکھ کر ہی تو انہوں نے کرکٹ کھیلنے کا آغاز کیا تھا۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ عمران خان ان کے پسندیدہ کرکٹر اور ہیرو تھے اور وہ پی سی بی کے اس بہترین موقع کا فائدہ اٹھا کر ان کے  ہمراہ ڈریم پیئر بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں۔

موجودہ کرکٹرز میں سے ڈریم پیئر کا چناؤ کرتے ہوئے اظہر محمود کا کہنا تھا کہ وہ بائیں ہاتھ کے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ باؤلنگ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی بہت باصلاحیت کرکٹر ہیں اور وہ انہیں بخوبی جانتے ہیں۔

اظہر محمد نے کہا کہ وہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ رینکنگ میں سرفہرست بلے باز بابراعظم کے ساتھ اپنا ڈریم بیٹنگ پیئر بنانا چاہیں گے۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان کی بیٹنگ کے دوران ٹائمنگ لاجواب ہے اور وہ سابق باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے ان کی بیشتر اننگز ڈریسنگ روم میں بیٹھ کر دیکھ چکے ہیں۔

عبدالرزاق

موہالی ٹیسٹ 2005 میں بھارت کے خلاف 346 منٹ کریز پر کھڑے رہ کر پاکستان کو یقینی شکست سے بچانے والے آل راؤنڈر عبدالرزاق نے عمران خان کے ہمراہ باؤلنگ کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ 46 ٹیسٹ میچوں میں 1946 رنز اور 100 وکٹیں حاصل کرنے والے آل راؤنڈر عبدالرزاق نے میدان میں بیٹنگ کے لیے سابق کپتان جاوید میانداد کو اپنے ڈریم پیئر میں شامل کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

سابق کرکٹر عبدالرزاق نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی سی بی کا اس ڈیجیٹل مہم کے ذریعے اپنے سابقہ کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا یہ انداز قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے کرکٹ کریئر کے دوران  بڑے نامی گرامی کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنے پر فخر محسوس کرتے ہیں تاہم ان کا خواب تھا کہ وہ عمران خان کے ہمراہ باؤلنگ کرسکیں۔

عبدالرزاق نے کہا وہ چاہتے تھے کہ گراؤنڈ کے ایک اینڈ سے وہ اور دوسرے اینڈ سے عمران خان باؤلنگ کررہے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بیٹنگ میں جاوید میانداد کے ساتھ بیٹنگ کرنے کا خواب سجاتے تھے۔ عبدالرزاق نے کہا کہ ماضی کے یہ دو عظیم کرکٹرز پاکستان کے لیجنڈز تھے جن کے  ساتھ جوڑی بنانا ان کے لیے اعزاز کی بات ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: شعیب اختر نے فاسٹ باؤلرز کو بیٹسمنیوں پر دھاک بٹھانے کے گر بتادئیے

پی سی بی نے اس سرگرمی کے ذریعے مداحوں کو مختلف ادوار میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اپنے پسندیدہ بلے بازوں اور باؤلرز کو جوڑیوں کی شکل دینے کا موقع فراہم کیا ہے۔ یہاں آل راؤنڈر کے چناؤ سے قبل اسپنرز، فاسٹ باؤلرز، اوپنرز اور مڈل آرڈر بلے بازوں کی جوڑیوں پر مشتمل مہم کو زبردست پذیرائی ملی چکی ہے۔

اس دوران اوپنرز کی مہم میں 1990 کی دہائی کے عظیم کرکٹرز سعید انور اور عامر سہیل پر مشتمل جوڑی مقبول ترین  رہی۔ اس مہم میں سعید انور اور ماجد خان کو دوسری مقبول ترین جوڑی کا درجہ ملا۔

مڈل آرڈر بلے بازوں کے ڈریم پیئرز میں یونس خان اور محمد یوسف سب سے مقبول جوڑی رہی جبکہ سابق کپتان  انضمام الحق اور محمد یوسف کی جوڑی اس فہرست میں دوسرے نمبر پر رہی۔

فاسٹ باؤلرز کے ڈریم پیئرز میں ٹوڈبلیوز کی جوڑی نے مقبولیت کے  تمام گذشتہ ریکارڈز توڑدئیے۔ وسیم اکرم اور محمد  آصف کی تصوراتی جوڑی اس فہرست میں دوسرے نمبر پر رہی۔

اسپنرز میں جادوگر اسپنر اور گگلی ماسٹر مرحوم عبدالقادر اور دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق کی تصوراتی جوڑی سب سے مقبول رہی ہے جبکہ مشتاق احمد اور ثقلین مشتاق کی مشہور جوڑی کا فہرست میں دوسرا نمبر ہے۔

دو روز تک جاری رہنے  والی پسندیدہ آل راؤنڈر کے چناؤ کی اس مہم  کے بعد وکٹ کیپر اور مقبول ترین ٹیسٹ کپتان کی مہم کا آغاز کیا جائے  گا۔


متعلقہ خبریں