کورونا: دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد 39 لاکھ 32 ہزار سے تجاوز کر گئی



اسلام آباد:عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے پوری دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 39 
لاکھ 32 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ کورونا وائرس نامی مہلک وبا کے باعث اب تک جہان فانی سے دو لاکھ 71 ہزار سے زائد افراد کوچ کر چکے ہیں۔

ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 13 لاکھ 49 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ 92 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 76 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

پرسکون نیند سے کورونا وائرس کو شکست دینا ممکن

اعداد و شمار کے مطابق اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 56 ہزارسے زائد ہو گئی ہے جب کورونا نے مزید 244 افراد کی جانیں لے لی ہیں۔ اس طرح اسپین میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 26 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

خبررساں ادارے کے مطابق اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 15 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ مزید 369 افراد اپنی جانوں کی بازیاں ہار گئے ہیں۔ اٹلی میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 29 ہزار 9 سو سے زائد ہو گئی ہے۔

ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ برطانیہ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 6 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ ملک میں مزید 649 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 30 ہزار 6 سو سے زائد افراد نے داعی اجل کو لبیک کہا ہے۔

امریکی صدر کا وائٹ ہاؤس کی کورونا ٹاسک فورس ختم کرنے کا اعلان

مغربی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس میں ایک لاکھ 74 ہزار سے زائد افراد اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق فرانس میں کورونا سے مزید 278 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد کل تعداد 25 ہزار 9 سو سے بڑھ گئی ہے۔

جرمنی میں بھی کورونا کے باعث اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اب تک سات ہزار 300 سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔ کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد ایک لاکھ 69 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس، پاکستان میں 476 اموات، 20 ہزار 941 افراد متاثر

ترکی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 64 افراد ہمیشہ کی نیند سو گئے ہیں جس کے بعد ہونے والی اموات کی تعداد تین ہزار 600 سے تجاوز کرگئی ہے۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ایران میں کورونا کے سبب مزید 78 افراد نے دار فانی سے کوچ کیا ہے جس کے بعد ملک میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد چھ ہزار 400 سے بڑھ گئی ہے۔ ایران میں اب تک ایک لاکھ تین ہزار 135 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں