جوڑوں کے درد کی دوا کورونا کے علاج میں مددگار، امریکی ڈاکٹر کا دعویٰ



کیلیفورنیا: امریکی ڈاکٹر عمران شریف نے دعوی کیا ہے کہ آرتھرٹس ڈرگ کے استعمال سے کورونا کے مریضوں کو 72  گھنٹوں میں زندگی کی طرف واپس لایا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے  کورونا وائرس کے وینٹی لیٹر پر موجود مریض کو ‏tocilizumab نامی دوا دی  جس کے 72 گھنٹوں بعد ہی اس کی صحت بحال ہونے لگی۔

ڈاکٹر عمران نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ دوا کے استعمال کے 5 دنوں بعد مریض کو آئی سی یو سے نارمل وارڈ میں شفٹ کر دیا گیا۔

کورونا: پاکستان میں 544 افراد جاں بحق، 23 ہزار 214 متاثر

‏tocilizumab نامی دوا مدافعتی نظام کے ذریعے خطرناک وائرس کورونا کو کنٹرول کرنے کی کوشش کرتی ہے۔

دوسری جانب عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے پوری دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 39 لاکھ 16 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ کورونا وائرس نامی مہلک وبا کے باعث اب تک جہان فانی سے دو لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد کوچ کر چکے ہیں۔

ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 13 لاکھ 43 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ 92 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 76 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 56 ہزارسے زائد ہو گئی ہے جب کورونا نے مزید 244 افراد کی جانیں لے لی ہیں۔ اس طرح اسپین میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 26 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

خبررساں ادارے کے مطابق اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 15 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ مزید 369 افراد اپنی جانوں کی بازیاں ہار گئے ہیں۔ اٹلی میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 29 ہزار 9 سو سے زائد ہو گئی ہے۔

پرسکون نیند سے کورونا وائرس کو شکست دینا ممکن

ہم نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ برطانیہ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 6 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ ملک میں مزید 649 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 30 ہزار 6 سو سے زائد افراد نے داعی اجل کو لبیک کہا ہے۔

مغربی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس میں ایک لاکھ 74 ہزار سے زائد افراد اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق فرانس میں کورونا سے مزید 278 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد کل تعداد 25 ہزار 9 سو سے بڑھ گئی ہے۔


متعلقہ خبریں