فیس بک کا ادارتی بورڈ کا اعلان، پاکستان کی نگہت داد بھی شامل

فائل فوٹو


فیس بک نے ابتدائی طور پر بیس رکنی ادارتی بورڈ کا اعلان کیا ہے جس میں پاکستان سے تعلق رکھنے والی نگہت داد بھی شامل ہیں۔

بورڈ مجموعی طور پر چالیس ارکان پر مشتمل ہو گا جن میں انسانی حقوق کے لیے سرگرم رہنما، سیاستدان، جج اور صحافی شامل ہیں۔

ڈیجٹل رائٹس اکٹوسٹ اور خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم پاکستان شہری نگہت داد بھی بیس رکنی پینل میں شامل ہیں۔

امریکی صدر ٹرمپ کے ناقد ایک امریکی پروفیسر کو پینل میں شامل کرنے پر ٹرمپ انتطامیہ نے فیس بک کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

بورڈ کمپنی اور چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ کے فیس بک اور انسٹاگرام پر مواد کے متعلق فیصلوں کو کالعدم قرار دے سکے گا۔

نگہت داد نے کہا کہ’ زادانہ اظہار، رازداری  اور ڈیجیٹل حقوق کے دیرینہ وکیل ہونے کے سبب مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ میں فیس بک کے آزاد ادارتی بورڈ کا حصہ ہوں۔

انہوں نے مزید کہا ، “میں پوری دنیا سے آنے والے اپنے ساتھی بورڈ ممبروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی منتظر ہوں اور یہ بورڈ  اس سال کے آخر تک کام شروع کر دے گا۔

نگہت داد ایک پاکستانی وکیل ہیں اور ڈیجیٹل رائٹس فاؤنڈیشن چلاتی ہیں۔  ڈیجیٹل رائٹس فاؤنڈیشن ایک این جی او ہے جو پاکستان اور جنوبی ایشیاء میں انٹرنیٹ پرہراساں کرنے، معلومات کے تحفظ اور آزادی اظہار رائے کے متعلق کام کرتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مذکورہ بورڈ اختیارات ، اثر و رسوخ اور آزادی کے سبب مشکل فیصلے ہوں گے جو انسانی حقوق، خواتین کے حقوق اور اظہار رائے کی آزادی کے تحفظ اور فروغ کے لئے ضروری ہوں گے۔

نگران بورڈ نفرت انگیز، ہراساں کرنے والے مواد اور لوگوں کی حفاظت کے متعلق مواد پر نظرثانی کرے گا۔

نگران بورڈ کے اخراجات کیلئے130 ملین ڈالر کا ٹرسٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے جس کا فیس بک سے کوئی تعلق نہیں اور اسے منسوخ بھی نہیں کیا جا سکتا۔

بورڈ ممبرز کا انتخاب زیادہ سے زیادہ تین سال کیلئے کیا جائے گا اور ایک ممبر صرف تین بار ہی منتخب ہو سکے گا۔ ممبرز کا کنٹریکٹ براہ راست بورڈ کے ساتھ ہوگا اور فیس بک کمپنی انہیں ملازمت سے نکالنے کی مجاز نہیں ہوگی۔


متعلقہ خبریں