گوگل نے اسمارٹ سٹی بنانے کا منصوبہ ختم کردیا

گوگل نے اسمارٹ سٹی بنانے کا منصوبہ ختم کردیا

فائل فوٹو


گوگل نے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کو اسمارٹ سٹی بنانے کا منصوبہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

‎گوگل کی سسٹر فرم سائیڈ واک لیبز اور واٹر فرنٹ ٹورنٹو مل کر کئی برس سے ٹورنٹو کو ڈیجیٹل شہر بنانے کے لئے پرعزم تھی لیکن کورونا کے باعث پیدا ہونے والی غیر یقینی معاشی صورتحال کے پیش نظر منصوبہ ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال سرمایہ کارو کے لیے پریشان کن ہے۔ سائِڈ واک کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ کورونا کے پیش نظر لاک ڈاؤن سے غیر معمولی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، ایسے میں 12 ایکڑ کے منصوبے کے بنیادی حصوں کو ختم کیے بغیر اس کی تکمیل مشکل ہوگئی تھی۔

انہوں نے امید ظاہرکی کہ گزشتہ ڈھائی سال میں تیار کئے گئے نظریات بڑے شہر کے مسائل حل کرنے میں مدد دیں گے، بلکہ کم قیمت اور مستحکم بھی ثابت ہوں گے۔

واٹر فرنٹ ٹورنٹو کے چیئرمین اسٹیفن ڈائمنڈ کا کہنا تھا کہ یہ وہ نتیجہ نہیں جس کی انہیں امید تھی، لیکن انہوں نے سائیڈ واک کےوژن اور کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔

سمارٹ سٹی ایک ایسا منصوبہ تھا جس میں جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل12ایکڑ پر محیط شہر بسایا جانا تھا جس میں خود کار کاریں، کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے کے جدید طریقے ہوا کا معیار جانچنے کیلئے سینکڑوں سینسرز اور لوگوں کی نقل و حرکت سے متعلق معلومات جمع کرنا شامل تھا۔ اس منصوبے کے تحت نئے طرز کی پائیدار عمارتیں بنائی جانی تھیں۔

 


متعلقہ خبریں