سندھ پولیس کے 115 افسران، اہلکار کورونا سے متاثر


کراچی: سندھ پولیس کے 115 کے قریب افسران اور اہلکار کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق کورونا کے خلاف فرائض کی ادائیگی کے دوران 2 اہلکاروں نے شہادت پائی۔

پولیس ترجمان کے مطابق زیرعلاج افسران اور جوانوں کی تعداد 97 ہے۔ 15 افسران اور جوان صحت یاب ہوکر گھر جاچکے ہیں۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق زیر علاج ایک سب انسپکٹر کی حالت تشویشناک ہے۔ کورونا وائرس سے متاثرہ اہل کاروں کا مکمل طور پر خیال رکھا جارہا ہے۔

اس سے قبل آج دن کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں لاک ڈاؤن میں نرمی ہفتے کو نہیں سوموار سے ہوگی اور اشیائے خوردو نوش کے علاوہ تمام کاروبار ہفتے میں دو دن بند رہیں گے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ وفاق کے فیصلوں پر سندھ نے 100فیصدعمل کر رہی ہے۔ جو فیصلے ہم نے کئے دو یا تین دن بعد باقی سب نے بھی وہی کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گورنراور تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا۔ کچھ چیزیں وفاق کوہماری پسند نہیں اور کچھ ہمیں وفاق کی لیکن فیصلے متفقہ ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت وفاق کے تمام فیصلوں پر عمل درآمد کرے گی۔ طے ہوا کہ تعمیراتی شعبہ کھولنا ہے لیکن اصول و قواعد کے ساتھ۔ اسپتالوں کی اوپی ڈیز کھولنے کی بات ہوئی ہم نے پہلے سے کھولی ہوئی ہیں۔

مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ دکانیں فجر سے شام پانچ بجے تک کھلیں گی۔ ہفتہ اور اتوار کو اشیاء خوردونوش کے علاوہ سب بند رہے گا۔ وہ تمام صنعتی ادارے کھولے رہیں گے جو ایس او پیز پر عمل درآمد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہم فجر سے دکانیں کھولنے کے فیصلے پر وفاق کے ساتھ ہیں لیکن چاہتے تھے ہفتے میں3روز کاروبار مکمل بند رہے۔

سندھ میں کوروناوائرس کے سبب 9634 افراد متاثر اور156جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ ان میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا: پاکستان میں 599 افراد جاں بحق،26،435 متاثر

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے خبردار کیا ہے کہ کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اور بزرگ شہری گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ شوگر ،امراض قلب کےمریض کوشش کریں گھروں سےنہ نکلیں،

انہوں نے کہا ہم سمجھتے تھے بات ختم ہوگئی لیکن ایسا نہیں ہے۔ آج ہم نے 5 ہزار 532 ٹیسٹ کیے جب کہ ہماری ٹیسٹ کی صلاحیت 5600 کی ہے۔

کورونا کے سب سے زیادہ 1681 کیسز ضلع جنوبی میں ہیں جب کہ کراچی میں کورونا وائرس کےنئے کیسز کی تعداد 413 ہے۔

ضلع جنوبی 107، شرقی 98 اورضلع وسطی میں 73 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ ملیر58، کورنگی 47 اورضلع غربی میں 30 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

حیدرآباد40، بے نظیر آباد 20، شکارپور 11، لاڑکانہ 10، سکھر، مٹیاری 9، قمبر اورشہداد کوٹ میں 8مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں