بلوچستان میں دہشتگردوں کا حملہ، میجر سمیت 6 جوان شہید


راولپنڈی: بلوچستان میں دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کے میجر اور 5 جوان مادر وطن پر قربان ہو گئے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے علاقے کیچ میں دہشتگردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔ ریموٹ کنٹرول بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایف سی جنوبی بلوچستان کے میجرندیم عباس اور 5 جوان شہید ہو گئے۔

میجر ندیم عباس بھٹی کا تعلق پنجاب کے علاقے حافظ آباد سے تھا جبکہ حملے میں پاک فوج کا ایک جوان زخمی بھی ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں نائیک جمشید، لانس نائیک خضر حیات، لانس نائیک تیمور، سپاہی ساجد اور سپاہی ندیم شامل ہیں۔

شہید نائیک جمشید کا تعلق میانوالی، لانس نائیک خضر حیات کا تعلق اٹک سے، لانس نائیک تیمور اور سپاہی ندیم تونسہ شریف کے رہنے والے تھے جبکہ شہید سپاہی ساجد کا تعلق مردان سے تھا۔

سیکیورٹی اہلکار معمول کے گشت پر تھے اور ان کی گاڑی سرحد سے 14 کلومیٹر کے اندر تھی۔

گزشتہ ہفتے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کے دو اہلکار شہید جبکہ 5 زخمی ہو گئے تھے جبکہ فوجی آپریشن کے دوران 9 دہشتگرد مارے گئے تھے۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے لاس نائیک عبدالوحید اور سپاہی سکم داد جام شہادت نوش کر گئے۔ لاس نائیک عبدالوحید کی عمر 29 سال اور تعلق مظفر آباد سے تھا جبکہ سپاہی سکم داد کی عمر 33 سال اور تعلق ایبٹ آباد سے تھا۔

سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں 9 دہشت گرد مارے گئے جن کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

یہ بھی پڑھیں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک پاکستانی شہری شہید، ایک زخمی

اس سے قبل شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں نامعلوم دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید اور 3 جوان زخمی ہوئے جبکہ جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔


متعلقہ خبریں