بیرون ملک سے پاکستان آنے والوں کیلئےخصوصی ہدایت نامہ جاری



اسلام آباد: بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کے لئے خصوصی ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو سیدھا قرنطینہ مرکز منتقل کیا جائے گا ۔ نجی یا سرکاری قرنطینہ مرکز میں قیام کا انتخاب مسافر حضرات خود کر سکتے ہیں۔

قرنطینہ مرکز میں چوبیس گھنٹوں کے دوران این آئی ایچ مسافروں کے تشخیصی ٹیسٹ کے نمونے حاصل کرے گا اور  نتیجہ منفی آنے کی صورت میں مسافر کو گھر جانے کی اجازت ہو گی۔

ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں مسافر کو قرنطینہ مرکز میں ہی قیام کرنا ہو گا۔ مریض سرکاری یا پرائیوٹ اسپتال کا انتخاب اپنی مرضی سے کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:دنیا بھر سے پاکستانیوں کو واپس لانے کا فیصلہ

پرائیویٹ اسپتال کے اتنخاب کی صورت میں مریض اخراجات خود برداشت کرے گا۔ مسافروں کو ٹرانسپورٹ کی مد میں پانچ سو روپے ادا کرنا ہوں گے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر خصوصی پروازوں کے ذریعے پاکستانیوں کو واپس لانے کا سلسلہ جاری ہے اور ان افراد کو پندرہ دن قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے۔

حکومت کی پہلی ترجیح ٹرانزٹ میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانا ہے۔ دوسری ترجیح  وہ پاکستانی ہیں جن کے ویزے ایکسپائرہو چکے ہیں۔  تیسری ترجیح بیرون ملک مقیم پاکستانی اور زیر تعلیم طلبہ کوواپس لانا ہے۔

امریکہ میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پہلی خصوصی پرواز 200 مسافروں کو لے کر اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔

پی آئی اے کی ایک ماہ میں 12 پروازیں امریکہ کے لیے شیڈول کی گئی ہیں جو واشنگٹن، شکاگو، نیو جرسی کے لیے آپریٹ ہوں گی۔ پی آئی اے نے امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے کو بھی شیڈول سے آگاہ کر دیا۔

امریکہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے پی آئی اے کو اجازت دینے کا مراسلہ جاری کر رکھا ہے۔ جس کے مطابق پی آئی اے ایک ماہ کے دوران ایک درجن پروازیں چلا سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں