کورونا ٹیسٹ: صوبوں کو24گھنٹوں میں نتائج جاری کرنے کی ہدایت



اسلام آباد: کورونا وائرس کے ٹیسٹس کے متعلق پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے وفاقی حکومت نے صوبوں کو ہدایت جاری کی ہیں کہ 24 گھنٹوں میں نتائج جاری کیے جائیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف نے بتایا کہ پالیسی میں تبدیلی صوبوں سے مشاورت کے بعد کی گئی ہے اور اس سے ٹیسٹنگ لیبارٹریز پر بوجھ بڑھے گا۔

انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک سے پاکستانیوں کو محفوظ طریقے سے لارہے ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ عید سے پہلے زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کووطن واپس لایا جائے، یہ ہماری ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بیرون ملک سے پاکستان آنے والوں کیلئےخصوصی ہدایت نامہ جاری

معید یوسف نے بتایا کہ سیالکوٹ ائیر پورٹ کو بحال کیا جارہا ہے۔ 22ممالک سے پاکستانیوں کو واپس لا رہے ہیں۔
کینیڈا،امریکہ اوردیگر یورپی ممالک سے بھی پاکستانیوں کو لانےکا ارادہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کی زیادہ تعداد خلیجی ممالک میں ہے۔ 21 مئی تک 10ہزار 700سے زائد پاکستانیوں کووطن لارہے ہیں۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ ٹیسٹ کے بعد 48گھنٹے انتظار کی شرط ختم کردی گئی ہے اور گھرمیں قرنطینہ کی اجازت دی جائےگی۔

مزید برآں حکومت نے بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کے لئے خصوصی ہدایت نامہ بھی جاری کیا ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو سیدھا قرنطینہ مرکز منتقل کیا جائے گا ۔ نجی یا سرکاری قرنطینہ مرکز میں قیام کا انتخاب مسافر حضرات خود کر سکتے ہیں۔ مریض سرکاری یا پرائیوٹ اسپتال کا انتخاب اپنی مرضی سے کر سکتا ہے۔

قرنطینہ مرکز میں چوبیس گھنٹوں کے دوران این آئی ایچ مسافروں کے تشخیصی ٹیسٹ کے نمونے حاصل کرے گا اور نتیجہ منفی آنے کی صورت میں مسافر کو گھر جانے کی اجازت ہو گی۔ ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں مسافر کو قرنطینہ مرکز میں ہی قیام کرنا ہو گا۔


متعلقہ خبریں