وزیر اعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس دوپہر 12 بجے وزیر اعظم ہاؤس میں ہو گا جس کا 7 نکاتی ایجنڈہ جاری کر دیا گیا۔ جس میں وفاقی کابینہ ملک بھر میں کورونا کی وبائی صورتحال کا جائزہ لے گی۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ بھی لے گی جبکہ اجلاس میں انتخابی اصلاحات کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔ کابینہ چار مئی کو ہونے والے توانائی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کرے گی۔

وفاقی کابینہ 6 مئی کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کرے گی جبکہ کابینہ نیشنل کمیشن آن سٹیٹس آف وویمن کے ممبر کی تقرری کی منظوری دے گی۔

پاکستان بیورو آف شماریات کے ممبر کی ایم پی ٹو کے تحت تعیناتی کی منظوری بھی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہے اور سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے سی ای او کی تقرری کابینہ ایجنڈے کا حصہ ہے۔ این آئی ایف ٹی میں بھرتیوں کے لیے دخواست وصولی کی تاریخ بڑھانے کی منظوری دی جائے گی۔

وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ ماہ وفاقی کابینہ کے ارکان کی نصف سنچری مکمل کر لی۔ وفاقی کابینہ میں ایک وفاقی وزیر اور ایک معاون کے اضافے کے بعد ارکان کی تعداد 50 ہو گئی۔

وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں 27 وفاقی وزیر ہیں جبکہ 4 وزرائے مملکت بھی کابینہ کا حصہ ہیں۔

کابینہ میں معاونین خصوصی 14 اور مشیروں کی تعداد 5 ہے جبکہ دو معاونین خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور شہزاد ارباب کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی حکومت کی جانب سے سینیٹرشبلی فراز کو وزیراطلاعات ونشریات تعینات اور لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ معاون خصوصی اطلاعات تعینات کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں وفاقی کابینہ اجلاس: پبلک ٹرانسپورٹ سمیت دیگر شعبوں کو مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ

اس ضمن میں وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ ایک سچے اور با وقارشخص شبلی فرازکو وزیراطلاعات مقررکیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ باصلاحیت آدمی عاصم سلیم باجوہ کومعاون خصوصی اطلاعات مقررکیا گیا ہے۔ دونوں افرادمل کرایک اچھی ٹیم بنائیں گے۔ فواد چوہدی نے دونوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔


متعلقہ خبریں