کورونا وائرس، سندھ میں جاں بحق افراد کی تعداد 200 ہو گئی، وزیر اعلیٰ سندھ


کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 200 تک پہنچ گئی۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 11 مریض انتقال کر گئے جبکہ سندھ میں آج 537 کورونا کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور مریضوں کی تعداد 12 ہزار 17 تک پہنچ گئی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں کورونا کیسز کی تعداد 9 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، ضلع ملیر میں 142، وسطی میں 62 اور شرقی میں 61 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ جنوبی اور کورنگی میں 58 ،58 اورغربی میں 51 مزید کیسز رپورٹ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ سکھر میں 22، شکارپور میں 19 اور قمبر شہداد کوٹ میں 11 نئے کیسز ظاہر ہوئے ہیں۔ ٹنڈوالہ یار میں 8، لاڑکانہ میں 7، حیدرآباد، سانگھڑ اور مٹیاری میں 4 ،4 مزید کیسز سامنے آئے۔ جیکب آباد میں 3، سجاول میں 2، میرپور خاص، جامشورو اور بدین میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج سے کاروبار ایس او پی کے تحت دیئے گئے وقت کے مطابق شروع ہوا ہے اور تمام کاروباری دوستوں کو بتائی گئی ایس او پی کے تحت کام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں خود بھی شہر کا دورہ کر کے معاملات کا جائزہ لوں گا۔


متعلقہ خبریں