شہباز شریف کو امریکی سفارتخانے کے ناظم الامور پال ڈبلیو جونز کا خط


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو پاکستان میں امریکی سفارت خانے کے ناظم الامور پال ڈبلیو جونز نے خط لکھا ہے۔

پال ڈبلیو جونز کی جانب سے لکھے گئے خط میں شہباز شریف کو رمضان المبارک کی مبارک باد دی گئی ہے۔

امریکی سفارت خانے کے ناظم الامور نے خط میں تحریر کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان  عالمی وبا کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اشتراک عمل پر بات چیت ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کا چھوٹے کسانوں کے قرضوں کی ادائیگی ایک سال تک موخر کرنے کا مطالبہ

پال جونز نے خط میں لکھا کہ امریکہ اور پاکستان کورونا وائرس کے معاشی اثرات سے نبرد آزما ہونے کے لیے شراکت داری کررہے ہیں۔

امریکی سفارت خانے کے ناظم الامور نے لکھا کہ امریکہ اور پاکستان  کا صحت کے شعبے میں وسیع تعاون جاری ہے۔

خط کے متن کے مطابق انہوں نے بتایا کہ امریکہ نے احساس ایمرجنسی پروگرام کے لیے پاکستان کو 50 لاکھ ڈالر کی مدد فراہم کی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ یہ امداد پاکستان میں 70 ہزار خاندانوں کو خوراک اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے فراہم کی گئی۔

پال جونز کے مطابق غذایت کی کمی کا شکار بچوں کے لیے امریکہ نے 336 میٹرک ٹن خوراک بھی پاکستان کو فراہم کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کے متعلق وزیر خارجہ کا او آئی سی ممبر ممالک کو خط

شہباز شریف کے نام لکھے گئے خط میں امریکی سفارت خانے کے ناظم الامور نے بتایا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ کے لیے امریکہ نے 15 ملین ڈالر نئی فنڈنگ کا وعدہ بھی کیا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مشترکہ کوششوں سے کورونا کو شکست دیں گے اور اپنی خوشحالی و آزادی کا تحفظ کریں گے۔


متعلقہ خبریں